.

سعودی ائر ڈیفنس سسٹم نے حوثی بیلسٹک میزائل مار گرایا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

یمن کے ایران نواز حوثی باغیوں نے سعودی عرب کے یمن سے متصل علاقے جازان پرایک میزائل حملہ کیا تاہم سعودی عرب کے ائر ڈیفنس سسٹم نے پیٹریاٹ میزائل کی مدد سے حوثیوں کا نیا بیلسٹک میزائل فضاء میں تباہ کرکے حملہ بھی ناکام بنا دیا۔

عرب اتحادی فوج کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے کہا کہ جمعہ کی شام مقامی وقت کے مطابق آٹھ بج کر 20منٹ پر جازان کی فضاء میں ایک بیلسٹک میزائل کو نشانہ بنایا گیا۔

ان کا کہنا ہے کہ یمن کے حوثی باغیوں کی طرف سے سعودی عرب کی مقامی شہری آبادی کو نشانہ بنانے مجرمانہ کوشش کی گئی تھی مگر میزائل کی نشاندہی ہونے کے بعد سعودی عرب کے پیٹریاٹ سسٹم کی بروقت جوابی کارروائی میں میزائل کو فضاء ہی میں مار گرایا گیا۔ ترجمان نے کہا کہ یمن کی صعدہ گورنری سے داغے گئے حوثیوں کے میزائل اور جوابی کارروائی میں اسے مار گرانے کے دوران کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔

قبل ازیں بدھ کو سعودی فضائی دفاعی نظام نے حوثیوں کی طرف سے داغے گئے تین بیلسٹک میزائل فضاء میں تباہ کردیے تھے۔

بیلسٹک میزائل حملہ ایران کا سعودی عرب پر ایران کی بالواسطہ جارحیت ہے جو اقوام متحدہ کی قراردادوں 2216 اور2231 کی صریح خلاف ورزیوں کا مرتکب ہوتے ہوئے یمنی باغیوں کو تباہ کن اسلحہ اور میزائل فراہم کر رہا ہے۔