اردن : دو وزراء بحیرہ مردار میں سیلاب کی تباہ کاریوں کے واقعے پر مستعفی
اردن کی وزیر سیاحت لینا عنب اور وزیر تعلیم عزمی محمود محافظہ نے بحیرہ مردار ( البحر المیت) کی وادی میں اسکول کے بچوں کی ہلاکت کے واقعے کے بعد اپنے عہدوں سے استعفا دے دیا ہے۔
وزیر سیاحت لینا عنب نے جمعرات کو اپنے سرکاری ٹویٹر صفحے پر اپنے استعفے کا اعلان کیا ہے اور لکھا ہے کہ وہ ملک کی عمومی سیاسی فضا اور مادر وطن کو درپیش درد آمیز حالات کے پیش نظر وزیراعظم عمر الرزاز کی حکومت میں اپنے عہدے سے استعفا دے رہی ہیں ۔فوری طور پر یہ واضح نہیں ہوا کہ آیا اردنی وزیراعظم نے ان کا استعفا منظور کر لیا ہے یا نہیں۔
گذشتہ ہفتے بحیرہ مردار کی وادی میں صرف ایک واقعے میں دس افراد ڈوب کر ہلاک ، بائیس زخمی اور چوالیس لاپتا ہوگئے تھے۔ ہلاک اور لاپتا ہونے والوں میں زیادہ تر ایک اسکول کے بچے تھے ۔اس کے علاوہ بھی سیلاب کے نتیجے میں متعدد ہلاکتیں ہوئی تھیں۔
اردن کے محکمہ شہری دفاع کے مطابق اسکول کے بچے اور ان کے اساتذہ بحیرہ مردار کے علاقے میں سیر کے لیے گئے تھے،اس دوران میں طوفانی سیلاب آگیا اور وہ اس میں بہ گئے تھے۔اس واقعے کے بعد اردنی حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بننا پڑا تھا۔