طوفانی لہروں کے باعث مصری ماہی گیروںکی کشی غزہ سے جا ٹکرائی
حادثے میں ایک ماہی گیر لاپتا، چھ کو بچالیا گیا
مصرمیں خراب موسم اور سمندر میں اٹھنے والی طوفانی لہروں کے باعث ماہی گیروں کی کشتی بے قابو ہو کرغزہ کے ساحل سے جا ٹکرائی جس کے نتیجے میں ایک ماہی گیرلا پتا ہوگیا ہے جبکہ ریسکیو آپریشن میں چھ کو بچالیا گیا۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق غزہ میں فلسطینی وزارت داخلہ کے ترجمان ایاد البزم نے بتایا کہ فلسطینی پولیس نے حادثے کا شکار ہونے والی مصری ماہی گیروںکی کشتی سے چھ مصری شہریوں کو بچالیا ہے اور ان کے ساتویں ساتھی کی تلاش جاری ہے۔
معمولی زخمی ہونے والے مصری شہریوں کو غزہ کی پٹی کےشہداء الاقصیٰ اسپتال میں طبی امداد فراہم کی گئی جس کے بعد انہیں مصر واپس بھینجنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب حادثے سے دوچار ہونے والے مصری ماہی گیروں نے 'العربیہ ڈاٹ نیٹ' سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سمندر میں اٹھنے والی طوفانی لہروں کے باعث ان کی کشتی غزہ کے ساحل سے جا ٹکرائی۔ انہوں نے اپنی شناخت طہ عکاشہ، محمد جمال حمامی، احمد جمال حمامی، احمد محمد شبار، مجدی محمد صابر کے ناموں سے کی جبکہ ان کے ساتویں لاپتا ساتھی کی شناخت جمعہ العشی کے نام سے کی گئی ہے۔ ان چھ کا تعلق دمیاط کے عزبہ البرج کےعلاقے سے جب کہ لاپتا ہونے والے کا تعلق مصر کی الفیوم گورنری سے بتایا جاتا ہے۔