قاہرہ :مصری فورسز کی دو کارروائیوں میں سات مشتبہ جنگجو ہلاک

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 3 منٹ

مصر کی سکیورٹی فورسز نے جمعرات کے روز دارالحکومت قاہرہ سے دریائے نیل کے اس پار واقع شہر جیزہ میں دو کارروائیوں میں سات مشتبہ جنگجوؤں کو ہلاک کردیا ہے۔

مصر کی وزارت داخلہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ تین جنگجوؤں نے بجلی کا کام کرنے والے کارکنوں کا روپ دھار رکھا تھا ۔پولیس افسر نے ایک ناکے پر جب پوچھ تاچھ کے لیے ان کے ٹرک کو روکا تو انھوں نے فائرنگ شروع کردی اور جوابی فائرنگ سے وہ تینوں مارے گئے ہیں۔ان کے ساتھ جھڑپ میں ایک پولیس افسر زخمی ہوگیا ہے۔

جیزہ میں چار اور جنگجو سکیورٹی فورسز کی ایک اپارٹمنٹ پر چھاپا مار کارروائی میں مارے گئے ہیں۔وزارت داخلہ نے ان جنگجوؤں کی شناخت نہیں بتائی ہے لیکن صرف یہ بتایا ہے کہ ان کا تعلق حسم گروپ سے تھا۔یہ جنگجو گروپ 2016ء میں منظرعام پر آیا تھا اور اس نے اب تک سکیورٹی فورسز پر متعدد حملوں کی ذمے داری قبول کی ہے۔

مصری حکومت اس گروپ پر کالعدم مذہبی سیاسی جماعت الاخوان المسلمون کا عسکری بازو ہونے کا الزام عاید کیا تھا لیکن الاخوان نے اس الزام کی سختی سے تردید کی تھی اور اس کا کہنا تھا کہ جماعت کا اس جنگجو گروپ سے کوئی لینا دینا نہیں ۔

واضح رہے کہ مصری حکا م آئے دن سکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپوں یا ان کی چھاپا مار کارروائیوں میں مشتبہ افراد کی ہلاکتو ں کی اطلاع دیتے رہتے ہیں اور وہ انھیں انتہا پسند جنگجو کے طور پر شناخت کرتے ہیں۔ان جنگجوؤں کی زیادہ تر ہلاکتیں شورش زدہ علاقے جزیرہ نما سینا ء میں ہوئی ہیں جہاں مصری سکیورٹی فورسز 2013ء سے انتہا پسند وں اور جنگجو گروپوں کی خلاف کارروائی کررہی ہیں۔اس کے علاوہ دارالحکومت قاہرہ اور دوسرے علاقوں میں بھی سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں مشتبہ جنگجوؤں کی ہلاکتوں کی اطلاعات منظرعام پر آتی رہتی ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں