.

انسٹیکس مالیاتی نظام کے حوالے سے امریکا کا یورپ کو سنگین پیغام

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے یورپی ممالک کو خبردار کیا ہے کہ وہ تہران کی مدد اور اس کے ساتھ تجارتی تبادلے کے لیے مالیاتی نظامInstex کے ذریعے امریکی پابندیوں کو چکمہ دینے سے گریز کریں۔

امریکی وزارت خزانہ نے Instex کے ذریعے لین دین کرنے والوں پر اور خود اس ادارے پر پابندیاں عائد کرنے کی دھمکی دی ہے۔ یہ نظام جرمنی، برطانیہ اور فرانس نے ایران کے ساتھ تجارت کو امریکی پابندیوں سے بچانے کے لیے قائم کیا ہے۔

بلومبرگ نیوز ایجنسی کے مطابق امریکی وزارت خزانہ میں دہشت گردی اور مالیاتی انٹیلی جنس سے متعلق امور کی سیکریٹری سیگل مینڈلکر نے "اِنسٹیکس" کے سربراہ پیئر فشر کو بھیجے گئے خط میں زور دیا ہے کہ وہ "پابندیوں کا نشانہ بننے کے امکان پر غور کریں۔ امریکی پباندیوں کی مخالف سرگرمیوں میں قدم رکھنے کے بھیانک نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔ ان میں امریکی مالیاتی نظام تک رسائی سے محرومی شامل ہے"۔

مینڈلکر نے لکھا کہ "جرمنی، فرانس اور برطانیہ نے رواں سال جنوری میں اِنسٹیکس نظام قائم کیا تا کہ کمپنیاں ڈالر یا امریکی بینکوں کو استعمال میں لائے بغیر ایران کے ساتھ تجارت کر سکیں اور پھر امریکی پابندیوں پر غالب آ سکیں"۔

بلومبرگ نے مذکورہ خط کو بھیجے جانے کے حوالے سے داخلی مباحثے میں شریک ایک سینئر ذمے دار کے حوالے سے بتایا ہے کہ اس خط کا مقصد یہ وارننگ پہنچانا ہے کہ امریکا "اِنسٹیکس" کے ساتھ متعلق ہر شخص کا تعاقب کرے گا۔ اسی طرح امریکی پابندیوں سے فرار کے لیے ایران کی مدد کے واسطے پروگرام کی تیاری پر کام کرنے والی کمپنیوں اور سرکاری ذمے داران اور اہل کاروں کو بھی نہیں بخشا جائے گا۔

یاد رہے کہ ایران نے "اِنسٹیکس" پر عمل درامد کے لیے 8 مئی کو یورپی ممالک کو دو ماہ کی مہلت دی تھی۔ تہران جوہری معاہدے کے حوالے سے اپنی پاسداری کم کرنے کا اعلان کر چکا ہے۔ اس نے دھمکی دی ہے کہ مہلت کے ختم ہونے پر وہ یورینیم کی افزودگی سمیت جوہری معاہدے کی خلاف ورزی کرنے والی دیگر سرگرمیاں پھر سے شروع کر دے گا۔

تاہم یورپیوں نے اِنسٹیکس کو فعال کرنے کے لیے شرط رکھی ہے کہ ایران دہشت گردی کی فنڈنگ اور منی لانڈرنگ کے انسداد سے متعلق سمجھوتےFATF میں شمولیت اختیار کرے۔ اس کے ساتھ تہران میزائل پروگرام منجمد کرے اور سیاسی اور اقتصادی اصلاحات بھی کرے۔ ایران ان تمام مطالبات کو مسترد کرتا ہے۔