عطر گلاب کے شوقین سعودی نے اچھی خاصی ملازمت ترک کر دی!

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 4 منٹ

گلاب کے پھولوں، ان کےعرق اور ان سے کشید کیے جانے والے عطریات کے شوق نے ایک سعودی شہری کو اس کی ملازمت سے بے نیاز کرتے ہوئے اپنے پسندیدہ مشغلے سے منسلک کر دیا۔ گلاب اور عطر گلاب کے شوق نے راشد القرشی کی شہرت کو چار چاند لگا دیے اور آج اس کے چرچے سمندر پار بھی کیے جا رہے ہیں۔

راشد القرشی نے عرق گلاب اور گلاب کے عطر کے لیے ملازمت ترک کی تاکہ وہ پورا وقت اپنے پسندیدہ مشغلے کو دے سکے۔ یہ مشغلہ اسے اس کے آبائو اجداد سے ورثے میں ملا ہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ سے بات کرتے ہوئے طائف کے راشد القرشی نے بتایا کہ اس نے گلاب کے 15 ہزار پھول اکھٹے کیے اور انہیں تانبے کے برتنوں میں ڈال دیا تاکہ ان سے شاہی عطر یعنی گلاب کا عطر کشید کیا جا سکے۔

ایک سوال کے جواب میں القرشی نے کہا کہ اس نے یہ فن اپنے والد سے سیکھا اور یہ سلسلہ ان کے آبائو اجداد میں صدیوں سے چلا آر ہا ہے۔ اس نے کہا کہ 'میں نے کچھ عرصہ سرکاری ملازمت کی مگر گلاب اور عطر گلاب کے شوق نے مُجھے ملازمت چھوڑ کر اس طرف متوجہ ہونے پر مجبور کر دیا۔ اس نے بتایا کہ عرق گلاب سے صرف عطریات ہی نہیں بلکہ مائع اشیاء، صابن اور لوشن تیار کیے جاتے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں راشد القرشی نے بتایا کہ وہ عطر گلاب سے تیار کردہ مصنوعات بیرون ملک حتیٰ کہ ملائیشیا، انڈونیشیا اور تھائی لینڈ کو بھی سپلائی کرتے ہیں۔ ان کے تیار کردہ عطریات اور گلاب کی دیگر مصنوعات کی طلب بڑھتی جا رہی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں‌ نے کہا کہ گلاب اور اس کے عطریات کی تیاری پر آنے والی لاگت سے قبل کھیتوں میں اس کی کاشت کاری کی لاگت بھی اہم ہوتی ہے۔ اگر گلاب پھول کی پیداوار اچھی خاصی ہے تو اس سے کسان بھی فائدہ اٹھاتے ہیں اور مناسب نرخوں پر گلاب فراہم کردیتے ہیں۔ اگر فصل اچھی نہیں تو گلاب کی قیمت بڑھ جاتی ہے جو اس کی مصنوعات پر بھی اثرا نداز ہوتی ہے۔

ایک اور سوال کے جواب میں‌ القرشی کا کہنا تھا کہ عرق گلاب سے تیار ہونے والی مصنوعات کو بہت احتیاط کے ساتھ تیار کیا جاتا ہے۔ گلاب اور اس کی مصنوعات کے معیار کو برقرار رکھنا اصل چیلنج ہے۔ کئی لٹر پانی اور گلاب کے چند پھول ملا کر مخصوص درجہ حرارت میں رکھے جاتے ہیں۔ گلاب سے عرق کشید کرنے کے روایتی طریقوں میں ایک طریقہ مخروطی برتوں کا استعمال تھا۔ یہ آلات گیس یا لکڑ کے ایندھن سے استعمال کیےجاتے اور آج کے دور میں بھاپ کے ذریعے گلاب کا عرق کشید کیا جاتا ہے۔

راشد القرشی نے بتایا کہ وہ نہ صرف گلاب سے عرق اور عطر کشید کرتے ہیں بلکہ دوسروں کو یہ فن سکھاتے، انہیں مفید مشورے دیتے اور گلاب سے تیار ہونے والی مصنوعات کی تیاری کی مکمل رہ نمائی کرتے ہیں۔ حج اور عمرہ کے سیزن میں حجاج ومعتمرین حضرات ان کے تیار کردہ عطریات اور دیگر مصنوعات کو بہت زیادہ پسند کرتے ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں