محمد بن سلمان اور پومپیو کے درمیان خلیج میں سمندری سیکورٹی مضبوط بنانے پر بات چیت
امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے بدھ کے روز سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ٹیلی فون پر خلیج میں سمندری سیکورٹی ، ایران اور یمن کے موضوعات کے حوالے سے بات چیت کی۔
امریکی وزارت خارجہ کی ترجمان مورگن اورٹیگوس نے ایک بیان میں بتایا کہ پومپیو اور بن سلمان نے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور جہاز رانی کی آزادی مضبوط بنانے کے لیے سمندری سیکورٹی کو بہتر بنانے کی ضرورت پر تبادلہ خیال کیا۔
ایران نے ایک ماہ سے بھی کم عرصے میں خلیج میں تین غیر ملکی تیل بردار جہازوں کو اپنے قبضے میں لے لیا۔ اس کے نتیجے میں واشنگٹن اور تہران کے بیچ کشیدگی عروج پر پہنچ چکی ہے۔
ترجمان کے مطابق امریکی وزیر خارجہ اور سعودی ولی عہد نے بات چیت میں دیگر علاقائی خصوصی پیش رفت پر بھی روشنی ڈالی جس میں خطے کے لیے عدم استحکام کا باعث بننے والے ایرانی نظام کی سرگرمیاں بھی شامل ہیں۔
یمن کے حوالے سے دونوں شخصیات نے ایک بار پھر اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی مارٹن گریفتھس کی کوششوں کے لیے اپنی بھرپور سپورٹ کا اظہار کیا جو وہ سیاسی عمل کو آگے بڑھانے کے واسطے کر رہے ہیں۔