ریاض سیزن : گھڑ دوڑ مقابلے کے فائنل راؤنڈ میں 10 سعودی خواتین
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں بنبان کے المیادین ریس سینٹر میں ہونے والے خواتین کے گُھڑ دوڑ مقابلے کے ابتدائی راؤنڈز اختتام پذیر ہو گئے۔ الفاروق کے نام سے ہونے والے اس مقابلے میں درجنوں سعودی خواتین نے شرکت کی جن میں سے 10 گھڑ سواروں نے فائنل راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ فائنل راؤنڈ 24 نومبر کو ہوگا۔
مقابلے کے دوسرے راؤنڈ میں 27 خواتین گھڑ سوار شریک ہوئیں۔ اس راؤنڈ میں سارہ القحطانی مطلوبہ فاصلہ 47.9 سیکنڈ میں طے کر کے سرفہرست رہیں۔
مقابلے کی انتظامی کمیٹی کے مطابق ریس جیتنے والی خاتون کو کپ، میڈل اور شیلڈ کے علاوہ ایک لاکھ ریال کی انعامی رقم دی جائے گی۔ دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی خاتون میڈل، شیلڈ اور 50 ہزار ریال کی مستحق ہوں گی۔ تیسری پوزیشن پر آنے والی خاتون کو میڈل، شیلڈ اور 25 ہزار ریال دیے جائیں گے۔ چوتھی پوزیشن پر شیلڈ اور 6 ہزار ریال، پانچویں پوزیشن پر شیلڈ اور 5 ہزار ریال اور چھٹی پوزیشن پر شیلڈ اور 4 ہزار ریال ملیں گے۔ علاوہ ازیں ساتویں سے دسویں پوزیشن حاصل کرنے والی خواتین میں ہر ایک 2.5 ہزار ریال اور شیلڈ کی مستحق ہوں گی۔
تفریح کی سعودی جنرل اتھارٹی کے اعلان کے مطابق گھڑسواری اور خواتین کے دیگر مقابلوں کی اختتامی تقریب 25 نومبر کو بنبان کے المیادین ریس سینٹر میں منعقد ہو گی۔ تقریب کی سرپرستی تفریح سے متعلق سعودی جنرل اتھارٹی کے چیئرمین اور ریاض سیزن کے سربراہ ترکی آل الشیخ کریں گے۔