سعودی عرب کی وزارت ثقافت نے ملک بھر بالخصوص 13 اہم علاقوں میں ہونے والی ثقافتی سرگرمیوں کو منظم اور مربوط بنانے کے لیے ایک بصری لائبریری کے قیام کا اعلان کیا ہے۔
یہ لائبریری سعودی عرب کی وزارت ثقافت کے "16/13"پروگرام کا حصہ ہے جس کا مقصد مملکت کے 13 علاقوں میں ہونے والی ثقافتی سرگرمیوں کو تصاویر اور ویڈیوز کی شکل میں دستاویزی شکل دینا اور انہیں محفوظ کرنا ہے تاکہ مملکت میں جامع ثقافتی تنوع کوآڈیو، ویڈیو اور تصویری شکل میں ایک جگہ پر محفوظ کیا جاسکے۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی 'ایس پی اے' کے مطابق وزارت ثقافت کی ٹیم 13 علاقوؐ میں ہونے والے 16 ثقافتی شعبوں کی سرگرمیوں کو دستاویزی شکل دینے کے لیے فیلڈ وزٹ کرے گی۔ اس دوران سعودی عرب میں کام کرنے والے فن کاروں اور تخلیق کاروں کے ساتھ مل کر مختلف ثقافتی اصناف اور ان میں ہونے والی کام کا ریکارڈ مرتب کرے گی۔ سعودی وزارت ثقافت نے اپنے وژن کے مطابق ثقافتی سرگرمیوں کا ریکارڈ مرتب کرنے کا اعلان کیا ہے۔ وزارت ثقافت کی ٹیم ملک کی 13 گورنریوں میں ہونے والی موسیقی کی سرگرمیوں، فلموں ، تھیٹر ، پرفارمنگ آرٹس ، ادب ، تصویری آرٹ ، لائبریری ، میوزیم ، قدرتی ورثہ ، ثقافت اور آثار قدیمہ کے مقامات ، فنون ، فیشن ، تہوار اور ثقافتی تقریبات اور فنون لطیفہ ، ڈیزائن ، ورثہ ، زبان ، ترجمہ ، کتب اور اشاعت جیسے فنون کو مربوط کرنے کے لیے وضع کردہ پروگرام پرکام کرے گی۔
سعودی عرب میں وزارت ثقافت کا وضع کردہ پروگرام پورے تک پھیلایا جائے گا۔ تاہم اس کا آغاز الریاض سے اور اس کے بعد مملکت کے مشرقی علاقوں تک اس کا دائرہ بڑھایا جائے گا۔ وزارت ثقافت کے ایگزیکٹو پلان جازان ، مکہ مکرمہ ، الجوف ، شمالی سرحدی علاقے، القصیم، حائل ، عسیر ، الباحہ ، نجران اور مدینہ منورہ کے علاقے شامل ہیں جہاں پر وزارت ثقافت کی ٹیم وزٹ کرے گی۔
وزارت ثقافت کے "16/13" منصوبے کا مقصد سعودی ثقافتی سرگرمیوں کے لیے ایک متنوع بصری لائبریری قائم کرنا ہے تاکہ ثقافتی تنوع کو زیادہ منظم انداز میں پورے ملک میں پھیلایا جاسکے۔