.

الحرمین الشریفین میں زائرین کے لیے مختلف خدمات، جراثیم سے پاک رکھنے کے لیے 4 بار دھلائی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

مدینہ منورہ میں مسجد نبوی کے امور کی جنرل پریذیڈنسی کی متعلقہ انتظامیہ راہداریوں اور گزر گاہوں کے حوالے سے کئی خدمات پیش کرتی ہے۔ اس کے نتیجے میں حرم نبوی میں زائرین کی نقل و حرکت آسان ہو جاتی ہے۔ اس دوران تمام گزر گاہوں پر ہنگامی خدمات کا بھی انتظام موجود ہوتا ہے۔ اسی طرح مرد اور خواتین زائرین اور نمازیوں کی رہ نمائی کے لیے تعینات اہل کار اور سائن بورڈز بھی ہوتے ہیں۔ رمضان ، عید اور حج سیزن کے موقع پر انتظامیہ خصوصی پلان ترتیب دیتی ہے تا کہ ہجوم کی با سہولت اور پر امن نقل و حرکت کو یقینی بنایا جا سکے۔

سعودی سرکاری خبر رساں ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق مسجد نبوی میں راہداریوں اور گزر گاہوں کے انتظامی امور کے ڈائریکٹر حاتم بن صالح العوفی نے واضح کیا کہ ان کی انتظامیہ نمازیوں، حجاج کرام، معتمرین اور زائرین کی خدمت کے لیے چوبیس گھنٹے اپنے فرائض انجام دینے میں مصروف رہتی ہے۔ اس دوران مسجد نبوی کے اندر اور اس کے اطراف لوگوں کے ہجوم کی آمد و رفت کو منظم انداز سے کنٹرول کر کے ان کی نقل و حرکت کو آسان بنایا جاتا ہے۔

علاوہ ازیں مسجد حرام اور مسجد نبوی کے امور کی جنرل پریذیڈنسی کے مطابق مسجد حرام کے زائرین کی سلامتی کو یقینی بنانے کے واسطے حرم شریف کے قالینوں سے خالی فرش کو روزانہ چار مرتبہ دھویا جاتا ہے۔ اس دوران نماز کے لیے مختص مقامات سے روزانہ 13500 قالینوں کو اٹھایا جاتا ہے۔ اس کے بعد ان جگہاؤں کو دھو کر پھر جراثیم سے پاک کیا جاتا ہے۔

مسجد حرام میں تطہیر اور قالینوں کے امور سے متعلق انتظامیہ کے ڈائریکٹر جابر بن احمد ودعانی کے مطابق نماز کے مقامات کی دھلائی مرحلہ وار انجام دی جاتی ہے۔ قالینوں کو لپیٹ کر انہیں اٹھا لیا جاتا ہے۔ اس کے بعد مُصلّوں (جائے نماز) کو دھویا جاتا ہے۔ پھر ان جگہاؤں کو جراثیم سے پاک کیا جاتا ہے اور خشک کر دیا جاتا ہے۔ اس کے بعد قالینوں کو دوبارہ بچھا دیا جاتا ہے۔ اس پورے عمل کو انتہائی تربیت یافتہ اور اہل عملہ انجام دیتا ہے۔ اس دوران صفائی، جراثیموں سے پاک کرنے اور قالینوں کو معطر کرنے کے واسطے جدید ترین ٹیکنالوجی کے آلات اور لوازامات کا استعمال ہوتا ہے۔

ودعانی کے مطابق متعلقہ انتظامیہ مسجد حرام میں قالینوں سے خالی تمام جگہاؤں کو دھونے اور جراثیم سے پاک کرنے کا عمل روزانہ چار مرتبہ انجام دیتی ہے۔ یہ عمل انتہائی منظم انداز سے ریکارڈ وقت میں پورا کیا جاتا ہے۔