یمن میں آئینی حکومت کی رٹ کی بحالی کے لیے قائم کردہ عرب اتحاد نے ایک بیان میں کہا ہے کہ حوثی ملیشیا کی طرف سے گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران جنگ بندی کی 59 خلاف ورزیوں کا ارتکاب کیا گیا۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق عرب اتحاد کا کہنا ہے کہ یمنی سیکیورٹی فورسز اور عرب اتحاد اقوام متحدہ کی طرف سے کی گئی جنگ بندی پرعمل درآمد کی ہرممکن کوشش کررہے ہیں اور حوثی ملیشیا کی دہشت گردانہ کارروائیوں پر تحمل کا مظاہرہ کیاجا رہا ہے۔
خیال رہے کہ یمن میں 23 اپریل کو عرب اتحاد نے ایک ماہ کی جنگ بندی کا اعلان کیا تھا تاہم اس اعلان کے باوجود حوثی ملیشیا کی طرف سے تخریب کاری اور دہشت گردی کی کارروائیاں جاری ہیں۔
درایں اثناء یمن کے صدر عبد ربہ منصور ھادی نے الزام عاید کیا ہے کہ حوثی باغیوں نے قیام امن کی تمام کوششوں کو مسترد کردیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ حوثی باغیوں کے خلاف جنگ آئینی ہے جس کا مقصد یمنی عوام کے وسائل کو باغیوں کے قبضے سے چھڑانا ہے۔
عبد ربہ منصور ھادی کا کہنا تھا کہ حکومت یمن میں موجودہ بحرانوں بالخصوص کرونا کے بحران کے باعث کم سے کم عدم تشدد کی پالیسی پرعمل پیرا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم یمنی عوام کے مسائل کو انسانی بنیادوں پر دیکھتے ہیں۔ کرونا کی وبا پھیلنے کے خدشے کے بعد حوثیوں کے ساتھ جنگ بندی میں پہل کی گئی مگر دوسری طرف سے حوثی باغی جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزیاں کررہے ہیں۔