عراق کی فوج کے مطابق کل جمعرات کی شام بغداد کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر نامعلوم افراد نے متعدد راکٹ حملے کیے جس کے نتیجے میں ہوائی اڈے کو نقصان پہنچا ہے۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق نامعلوم مسلح افراد نے بغداد کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر کم سے کم تین کاتیوشا راکٹ داغے۔
عراق فوج کے میڈیا سیل کے مطابق بغداد کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر گذشتہ شام تین راکٹ گرے۔ راکٹ حملے کے نتیجے میں متعدد گاڑیوں اور عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے۔ یہ راکٹ جنوب مغربی علاقے ابو غریب میں الزیتون کے مقام سے داغے گئے۔
قبل ازیں اتوار کے روز بھی بغداد کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کو راکٹوں سے نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں چار گاڑیوں کو نقصان پہنچا تھا۔
خیال رہے کہ عراق میں نامعلوم مسلح کی جانب سے بغداد کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کو کئی بار راکٹ حملوں کا نشانہ بنایا جا چکا ہے۔