اوباما دور کے سفارت کار عمرو فلسطینی،اسرائیلی امور سے متعلق صدربائیڈن کے خصوصی ایلچی مقرر

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 3 منٹ

امریکا کے نئے صدر جوزف بائیڈن نے سابق اوباما انتظامیہ کے دور میں بہ طور سفارت کارخدمات انجام دینے والے ہادی عمرو کو فلسطینی ،اسرائیلی امور سے متعلق اپنا خصوصی ایلچی مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع نے العربیہ کو بتایا ہے کہ ہادی عمرو نے بائیڈن انتظامیہ میں اس نئے کردار کو قبول کر لیا ہے اور انھوں نے اپنے دوست واحباب اور خاندان کو بھی اس فیصلے سے آگاہ کردیا ہے۔

واشنگٹن سے تعلق رکھنے والے تھنک ٹینک بروکنگز انسٹی ٹیوشن کی ویب گاہ کے تعارفی صفحہ کے مطابق عمرو اس وقت بائیڈن انتظامیہ میں ڈپٹی اسسٹنٹ سیکریٹری آف اسٹیٹ برائے اسرائیلی ، فلسطینی امور کے عہدے پر فائز ہیں۔البتہ ابھی ان کے تقرر کا باضابطہ سرکاری اعلان نہیں کیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر بائیڈن فلسطینی ، اسرائیل امن عمل سے متعلق اپنے کسی خصوصی ایلچی کا تقرر نہیں کریں گے۔ہادی عمر سابق صدربراک اوباما کے نائب خصوصی ایلچی برائے اسرائیلی فلسطینی مذاکرات در اقتصادی امور اور غزہ رہے تھے۔

ان کے فلسطینی قیادت کے ساتھ قریبی دوستانہ تعلقات استوار رہے ہیں۔توقع ہے کہ وہ فلسطینیوں کے واشنگٹن پر اٹھ جانے والے اعتماد کو بحال کرنے کی کوشش کریں گے۔سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اسرائیل نواز فیصلوں کی وجہ سے فلسطینیوں کا امریکا پر اعتماد بری طرح مجروح ہوا تھا اور انھوں نے امریکا کو اسرائیل کے ساتھ مستقبل میں کسی مذاکراتی عمل میں ثالث کار تسلیم کرنے سے بھی انکار کردیا تھا۔

بائیڈن انتظامیہ نے امریکا کے وقار کی بحالی کے لیے پہلے ہی سابق صدر ٹرمپ کی انتظامیہ کے متعدد فیصلوں کو منسوخ کردیا ہے،انھیں اسرائیل نواز اور فلسطین مخالف گردانا جارہا تھا۔

بائیڈن انتظامیہ کے متعدد عہدے دار یہ کہہ چکے ہیں کہ امریکا فلسطینی قیادت کے ساتھ تعلقات بحال کرے گا، واشنگٹن میں تنظیمِ آزادیِ فلسطین (پی ایل او) کا سفارتی مشن دوبارہ کھولے گا اور فلسطینی مہاجرین کے لیےاقوام متحدہ کے امدادی ادارے اُنروا کی مالی امداد بھی بحال کردے گا۔

ہادی عمرو لبنان میں پیدا ہوئے تھے اور امریکا میں اعلیٰ تعلیم کے بعد وہیں کے ہو کر رہ گئے ہیں۔فلسطینیوں نے ان کے تقرر کا خیرمقدم کیا ہے۔ان سے پہلے بھی متعدد عرب نژاد امریکیوں کو بائیڈن انتظامیہ میں اہم ذمے داریاں سونپی جاچکی ہیں۔

وائٹ ہاؤس کے دفتر برائے قانونی امور کی نئی ڈپٹی ڈائریکٹر ریما دودین فلسطینی نژاد ہیں۔صدر بائیڈن کی قانونی امور کی سینیر مشیر دانا شبات کے والدین اردن سے تعلق رکھتے تھے۔

صدر بائیڈن نے ایک اور عرب مہر بیطار کو قومی سلامتی کونسل میں ڈائریکٹر انٹیلی جنس کاعہدہ سونپنے کی پیش کش کی ہے۔وہ بھی فلسطینی نژاد ہیں۔امریکی صدر نے قبل ازیں ڈاکٹر بشارا شوکیر کو وائٹ ہاؤس کا رابطہ کار برائے ویکسی نیشن مقرر کیا ہے۔ڈاکٹر شوکیر لبنانی نژاد ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں