.

علاقائی کشیدگی کم کرنے کے لیے امریکا کے ساتھ کام پر کاربند ہیں : امارات

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زائد آل نہیان نے باور کرایا ہے کہ ان کا ملک امریکی صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ کے ساتھ تعلقات مضبوط بنانے اور قریب سے کام کرنے پر کاربند ہے۔ اس کا مقصد علاقائی کشیدگی کو کم کرنا، نئے مکالمے کو شروع کرنا اور معاہدہ ابراہیم کے تحت تعاون کے دائرہ کار کو وسیع تر بنانا ہے۔

یہ موقف ہفتے کے روز اماراتی وزیر خارجہ کی ایران کے لیے امریکا کے خصوصی ایلچی روبرٹ میلے کے ساتھ ٹیلی فون پر بات چیت کے دوران سامنے آیا۔ گفتگو کے دوران امارات اور امریکا کے بیچ تزویراتی تعلقات کے علاوہ خطے کی تازہ ترین صورت حال، مشترکہ دل چسپی کے متعدد علاقائی اور بین الاقوامی امور اور دونوں ملکوں کے درمیان مشترکہ تعاون زیر بحث آیا۔

اس موقع پر شیخ عبداللہ بن زائد آل نہیان نے امارات اور امریکا کے بیچ تزویراتی اور تاریخی تعلقات کو سراہا۔

کچھ روز قبل امریکی وزیر خارجہ اینتھونی بلینکن نے بھی اپنے اماراتی ہم منصب سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا تھا۔ اس موقع پر امارات اور امریکا کے بیچ گہرے تعلقات اور دونوں دوست ممالک کے درمیان تمام شعبوں میں جاری مشترکہ تعاون کی پیش رفت کو باور کرایا گیا۔