.

جرمنی کا سعودی عرب میں ’ہائیڈروجن ایندھن‘ مرکز قائم کرنے کا اعلان

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعوی عرب اور جرمنی کے درمیان معاشی تعلقات کے فروغ کے سلسلے میں جرمن حکومت نے سعودی عرب کےدارالحکومت الریاض میں ہائیڈروجن ایندھن کا ایک مرکز قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

مشرق وسطی اور شمالی افریقہ میں جرمن وزارت خارجہ کے ترجمان ڈینس کومیت نے رواں موسم گرما میں ریاض میں "ہائیڈروجن آفس" کھولنے کی تیاریوں کا اعلان کیا۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کو ایک خصوصی انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ مجموعی طور پر جرمنی اور سعودی عرب کے تعلقات بہت اچھے ہیں۔ ہم مملکت کے ساتھ متعدد پالیسی شعبوں میں مل کر کام کرتے ہیں۔ ہمارا باہمی تعاون صرف معاشی شعبوں تک محدود نہیں۔ جرمنی سعودی عرب کی شراکت سے ہائیڈرون ایندھن کی تیاری پر کام کررہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم اسے معاشی تعاون کی ایک عمدہ مثال کے طور پر دیکھتے ہیں جس سے نہ صرف کمپنیوں بلکہ ماحول کو بھی فائدہ ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم کامیابی کے ساتھ ماحولیاتی تبدیلیوں کو کم کرسکتے ہیں۔

ڈینس کومیت نے زور دے کر کہا کہ دونوں ممالک کے مابین تعاون صرف معاشی اور ماحولیاتی تبدیلیوں کے امور تک ہی محدود نہیں رہنا چاہئے۔ سوسائٹی کی سطح پر بھی باہمی تعلقات کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

یمن کے بحران پر جرمنی کا موقف

مشرق وسطی بالخصوص یمن میں حوثی ملیشیا کے بارے میں انہوں نے کہا بدقسمتی سے اقوام متحدہ اور امریکا کے خصوصی ایلچی کی جانب سے گہری کوششوں کے باوجود یمن کے بحران کے حل میں کوئی ٹھوس پیش رفت نہیں ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ یمن میں بحران کے حل کے لیے اقوام متحدہ اور امریکا کی طرف سے پیش کردہ چار نکات پرعمل درآمد نہیں ہوسکا ہے۔

ان نکات میں صنعا ہوائی اڈے کو کھولنے، الحدیدہ بندرگاہ کو مسلسل کھلا رکھنے، پورے ملک میں جنگ بندی ، اور سیاسی گفت و شنید کی شروعات جیسے چار نکانات پیش کئے گئے ہیں۔

فلسطین کے معاملے پر جرمن وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ اسرائیل اور فلسطینیوں کے مابین موجودہ بحران نے یہ ظاہر کیا ہے کہ موجودہ وقت میں صورتحال کس قدر نازک ہے۔ ہم 21 مئی کو جنگ بندی کی حمایت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جرمنی فلسطینی علاقوں میں انسانی امداد کے لیے 15 ملین یورو فراہم کرے گا۔اس رقم کا ایک بڑا حصہ غزہ کے عوام کی بہبود اور بحالی کے لیے استعمال ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ جرمنی پہلے ہی ہرسال فلسطینیوں کے لیے 50 ملین یورو کی رقم فراہم کرتا ہے۔