اسرائیلی جیل سے فرار ہونے والے دو فلسطینی قیدی گرفتار

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

اسرائیلی فوج اور پولیس نے تقریبا ایک ہفتے کی تلاش کے دوران جیل سے فرار ہونے والے چھ میں سے دو فلسطینی قیدیوں کو گرفتار کرلیا ہے۔

اسرائیلی اخبار ’’ یروشلم پوسٹ ‘‘ نے جمعہ کو بتایا کہ فوج نے سرچ آپریشن کے دوران جیل سے فرار ہونے والے چھ فلسطینیوں میں سے دو کو الناصرہ شہر سے گرفتار کیا ہے۔ گرفتار ہونے والے قیدیوں کی شناخت محمود عبداللہ عارضہ اور یعقوب محمود قادری شامل ہیں۔ ان دونوں کا تعلق اسلامی جہاد سے ہے۔

Advertisement
اسیر یعقوب قادری
اسیر یعقوب قادری

فلسطینی نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق تحریک فتح نے اسرائیلی حکومت کو دو قیدیوں عارضہ اور قادری کی زندگی کا ذمہ دار ٹھہرایا اور کہا ہے کہ انہیں کوئی نقصان پہنچا تو صہیونی ریاست اس کی ذمہ دار ہوگی۔

ایک بیان میں تحریک فتح نے بین الاقوامی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل کی جیلوں کے اندر قیدیوں کو تحفظ فراہم کرنے اور ان پر ڈھائے جانےوالے مظالم بند کرانے کے لیے اقدامات کریں۔

فلسطینی انفارمیشن سینٹرکے مطابق دو مفرور قیدیوں کی گرفتاری کے بعد غزہ کی پٹی سے اسرائیل پر راکٹ بھی داغے گئے ہیں۔ جمعہ کی شام کو جنوبی اسرائیل پر متعدد راکٹ فائر کیے گئے۔

اسرائیلی فوج کے ترجمان اویچائی ادرعی نے کہا کہ فضائی دفاعی نظام آئرن ڈوم نے غزہ پٹی سے داغے گئے ایک راکٹ کو روک لیا۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے اعلان کیا کہ جمعہ کی رات جنوبی اسرائیل میں خطرے کے سائرن بجائے گئے۔

فلسطینی شہاب نیوز ایجنسی نے جمعہ کے روز اطلاع دی تھی کہ غزہ کی پٹی کے آس پاس کی یہودی بستیوں میں انتباہی سائرن بج رہے ہیں۔

دونوں قیدیوں کو شمالی اسرائیل کے عرب شہر ناصرہ کے قریب ایک علاقے سے گرفتار کیا گیا۔ شمالی اسرائیل میں اسرائیلی افواج کی جانب سے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن کے دوران باقی چار قیدیوں کی تلاش جاری ہے۔

گذشتہ چھ ستمبر کو اسلامی جہاد کے پانچ اور تحریک فتح کا ایک قیدی اسرائیل کی جلبوع جیل سے سرنگ کے ذریعے فرار ہوگئے تھے۔

دونوں مفرور افرادکو اس وقت گرفتار کیا گیا جب ناصرہ کے مقامی شہریوں نے بتایا کہ دو مشکوک افراد ان سے کھانا مانگ رہے تھے۔ اس پر پولیس نے چھاپہ مارا اور مفرور ہونے والے دو قیدیوں کو پکڑ لیا۔

مقبول خبریں اہم خبریں