مصر میں ایک جوڑے نے اپنی شادی پر انوکھی نوعیت کے "فوٹو سیشن" کے سبب سوشل میڈیا پر لوگوں کو حیرت اور تعجب میں ڈال دیا۔ المنوفیہ صوبے میں ہونے والے اس فوٹو سیشن میں دولہا اور دلہن مٹی میں کھیلتے ہوئے نظر آئے۔
اس دوران میں دولہا اور دلہن کے شادی کے لباس گیلی مٹی میں لتھڑے ہوئے تھے۔ فوٹو سیشن کرنے والے فوٹوگرافر نے کیچڑ کے تالاب میں کھیل کود کرنے والے جوڑے کی متعدد تصاویر بنائیں۔ ان تصاویر کے حوالے سے سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مزاحیہ تبصرے کیے گئے۔ مزید یہ کہ تصاویر کو وسیع پیمانے پر شیئر بھی کیا گیا۔
فوٹو سیشن کی تصاویر لینے والی ٹیم کے ایک رکن محمد جمال کے مطابق اس طرح کے سیشن کا خیال بے ساختہ وارد ہوا اور اس کی پیشگی تیاری نہیں کی گئی تھی۔ جمال نے بتایا کہ "یہ جوڑا المنوفیہ کے ایک زرعی علاقے میں بعض تصاویر بنوا رہا تھا کہ اچانک دولہا اور دلہن نے کیچڑ سے بھرے ایک تالاب میں اتر جانے کا فیصلہ کر لیا۔ یقینا یہ ایک دیوانگی کی حرکت تھی"۔
کیچڑ کے اندر دولہا دلہن کے فوٹو سیشن نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی۔