.

سعودی خلائی کمیشن کے تحت "خواتین خلاء میں" کے عنوان سے مکالماتی پروگرام

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی اسپیس کمیشن نے مکالمے پر مبنی پروگرام "SPACE TALK" کے سلسلے میں چوتھی نشست کا اعلان کیا ہے۔ اتوار کے روز ہونے والے پروگرام کی میزبان مشاعل الشمیمری ہوں گی۔ وہ پر امن راکٹ پروگرام کے شعبے میں بطور انجینئر اپنی ذمے داریاں انجام دے رہی ہیں۔ پروگرام کا موضوع "راکٹ اور خلائی سواریوں میں خواتین کا کردار" ہے۔ اس سلسلے میں THINKTECH منصوبے کی صورت میں ٹیلی کمیونی کیشن اور انفارمیشن ٹکنالوجی کی وزارت کا تعاون بھی حاصل ہے۔

یہ سرگرمیاں "خواتین خلاء میں" کے عنوان کے تحت 'عالمی ہفتہ برائے خلا 2021' کے ضمن میں منعقد ہو رہی ہیں۔ یہ ہفتہ 10 اکتوبر تک جاری رہے گا۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے 1999ء میں اعلان کیا تھا کہ مذکورہ ہفتہ ہر سال 4 اکتوبر سے 10 اکتوبر تک منایا جائے گا۔ رواں سال اس سرگرمی کا عنوان "خلاء میں خواتین" ہے۔ اس کا مقصد خلاء اور خلائی سائنس کے میدان میں خواتین کی کامیابیوں کا جائزہ لینا ہے۔

سعودی اسپیس کمیشن کے پروگرام کا ہدف خلائی سائنس اور اس کی ٹکنالوجی سے متعلق تجربات اور افکار کا تبادلہ ہے۔ کمیشن سعودی خلائی ماہرین پر مشتمل قومی نیٹ ورک قائم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ ساتھ ہی نئے اقتصادی ، سماجی اور علمی مواقع پیدا کرنے اور مملکت میں خلائی سرگرمیوں میں نجی سیکٹر کی شرکت کو بڑھانے کے واسطے کوشش کی جا رہی ہے۔