وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ فلسطین کا المیہ دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے غم وغصے کا باعث ہے۔ مسئلہ فلسطین مشرق وسطی میں تنازعات کا مرکز ہے۔
وزیر اعظم عمران خان سے فلسطین کے وزیر خارجہ ریاض المالکی نے اپنے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ ملاقات کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق وزیراعظم نے فلسطینی عوام کے حقوق کیلئے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا۔
وزیر اعظم نے فلسطینی عوام کی امنگوں کو پورا کرنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ فلسطین کا المیہ دنیا بھر کے مسلمانوں کیلئے غم وغصے کاباعث ہے۔ مسئلہ فلسطین مشرق وسطیٰ میں تنازعات کا مرکز ہے۔
ملاقات میں فلسطینی وزیرخارجہ نے کہا کہ مسئلہ فلسطین، کشمیر متعلقہ خطوں میں عدم استحکام کی وجوہات ہیں مقبوضہ کشمیر میں لوگ سنگین مظالم اور بے لگام جبر کا شکار ہیں۔
وزیر خارجہ نے مسئلہ فلسطین پر پاکستان کی حمایت اور موقف پر شکریہ ادا کیا۔ ملاقات میں پاکستان، فلسطین کے درمیان دوطرفہ تعاون پر گفتگو جب کہ او آئی سی، علاقائی، عالمی فورمز پر فریقین کے درمیان تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔