رش سے بچنے کے لیےعمرہ زائرین کو مختلف مقامات پر تقسیم کرنے کا فیصلہ
عمرہ سیکیورٹی فورسز کے کمانڈر میجر جنرل محمد البسامی نے کل جمعہ کو کہا ہے کہ زیادہ ہجوم سے بچنے کے لیے عمرہ زائرین کو تقسیم کرنے کے لیے اسٹیشنوں کی منظوری دے دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسجد حرام میں زائرین کے لیے داخلی اور خارجی راستوں کی تنظیم نو کی بھی کی گئی ہے۔
انہوں نے ایک پریس کانفرنس کے دوران رمضان المبارک کی تیاریوں کےحوالے سے کہا کہ صدارت عامہ برائے حرمین شریفین کے تعاون سے صحن مطاف اور گراؤنڈ فلور کوزائرین کے لیے مختص کیا گیا ہے۔انہوں نے خبردار کیا کہ مسجد حرام میں غلط رویوں کا سخت نوٹس لیا جائےگا اور کسی کو وہاں پر بھیک مانگنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
بدھ کو سعودی وزارت حج و عمرہ نے اعلان کیا کہ مملکت میں ہر قسم کے داخلے کے ویزے رکھنے والوں کو عمرہ کرنے کی اجازت ہوگی۔
وزارت حج کا کہنا ہے کہ "اعتمرنا‘‘ ایپلی کیشن کے ذریعے مملکت سے باہر سے آنے والوں کے لیے عمرہ کرنے کے لیے تاریخیں بک کرنے کے اقدامات کیے گئے ہیں۔
اس کے علاوہ وزارت نے عمرہ اپوائنٹمنٹ کی بکنگ کے لیے تین اوقات مقرر کیے ہیں جن میں مملکت میں داخلے کا ویزا جاری کرنا، ایپلی کیشن میں رجسٹریشن اور بکنگ کرتے وقت اس کی میعاد کو یقینی بنانا ہے۔