سعودی عرب کی رابطہ کونسل برائے مقامی عازمین حج کے سربراہ ڈاکٹر ساعد الجہنی نے کہا ہے کہ رواں 1443ھ سال کے حج کے موقعے پر مقامی عازمین حج کے قیام کے لیے تین الگ الگ پیکج جاری کیے گئے ہیں۔
الجہنی نے معاصر ’الاخباریہ‘ چینل سے ایک انٹرویو میں کہا کہ اندرون ملک سے فریضہ حج ادا کرنے والے عازمین کو حج کے موقعے پر ہرممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اندرون ملک حجاج رابطہ کونسل اور وزارت حج کےدرمیان ہم آہنگی موجود ہے اور ہم رواں سال کے حج سیزن کے موقعے پر عازمین حج کو تین رہائشی پیکج فراہم کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان رہائشی پیکجز میں منیٰ ٹاورز میں رہائشی پیکج، جدید سہولیات سےآراستہ رہائشی خیموں کا پیکج جو اس سال پہلی بار متعارف کرایا جا رہا ہے اور روایتی خیمہ پیکج شامل ہیں۔ ان تمام پیکجز میں عازمین کو تمام ضروری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
حجاج کرام کے طعام کے حوالے سے الجہنی نے کہا کہ ملک کے اندر سے مقامی شہری یا غیرملکی حجاج کرام کو وزارت حج کے فراہم کردہ طریقہ کار اور معیار کے مطابق کھانا مہیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ حجاج کرام کے طعام کے حوالے سے گذشتہ دو سال کے دوران وضع کردہ میکا نزم پر ہی عمل درآمد کیا جائے گا۔
انہوں نے عندیہ دیا کہ مقامی عازمین حج کے لیے اگلے ہفتے کے دوران رجسٹریشن شروع کیے جانے کی توقع ہے۔