شام میں ہولناک ٹریفک حادثہ کے بعد غیرقانونی منشیات کی بھاری کھیپ کا انکشاف

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

شام اورلبنان کے درمیان سرحد کے قریب ایک مہلک ٹریفک حادثے کے بعد غیرقانونی منشیات کی بڑی کھیپ کا انکشاف ہوا ہے۔

برطانیہ میں قائم شامی رصدگاہ برائے انسانی حقوق نے اتوار کے روز اطلاع دی ہے کہ لبنان کی شمالی سرحد سے نوکلومیٹر کے فاصلے پر واقع گاؤں الزارہ کے قریب دوگاڑیوں کے تصادم کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔

ذرائع نے رصدگاہ کو بتایا کہ حادثے کا شکار ہونے والی ایک گاڑی سے بڑی مقدار میں منشیات بشمول قوت محرکہ کا موجب دوا کیپٹاگون کی قریباً تیس لاکھ گولیاں اوردو ٹن بھنگ برآمد ہوئی ہے۔

تنظیم نے دعویٰ کیا کہ یہ واقعہ لبنانی حزب اللہ کی قیادت میں ایران نواز ملیشیاؤں کی جانب سے شام میں منشیات کی اسمگلنگ کی جاری کوششوں کا حصہ ہے۔وہ شام کو منشیات کے ایک اڈے میں تبدیل کرنے کی کوشش کررہی ہیں۔

مڈل ایسٹ انسٹی ٹیوٹ (ایم ای آئی) کی ایک رپورٹ کے مطابق برسوں کی جنگ سے تباہ حال شام ایک ’’نارکو اسٹیٹ‘‘(ریاستِ منشیات)کے طور پر ابھر رہا ہے جبکہ اردن کی انٹیلی جنس منشیات کے دھندے میں ملوّث حزب اللہ کے اہلکاروں کو روک رہی ہے۔

رصدگاہ نے یہ بھی بتایا ہے کہ شامی حکومت کی افواج کے کنٹرول والے علاقے حزب اللہ کی نگرانی میں منشیات تیارکرنے والے پلانٹوں کی آماج گاہ ہیں۔مبینہ طور پران پلانٹس میں دیگر منشیات کے علاوہ بڑی مقدار میں حشیش اور کیپٹاگون کی گولیاں تیار کی جاتی ہیں۔

ڈیلرز اکثر سعودی عرب سمیت دولت مند خلیجی ریاستوں میں منشیات اسمگل کرنے کی کوشش کرتے ہیں جہاں متوقع خریدار نشہ آور اشیاء کی زیادہ قیمت ادا کرنے کو بھی تیار ہوتے ہیں۔

سعودی عرب میں حکام نے بدھ 31 اگست کو اسمگل شدہ ایمفیٹامائن کی سب سے بڑی مقدار ضبطی کی تھی۔الریاض کی خشک بندرگاہ پر پہنچنے والی کھیپ میں آٹے کے تھیلوں میں چھپائی گئی تقریباچار کروڑستر لاکھ گولیاں ضبط کی گئی تھیں۔منشیات کی اس بھاری مقدار کو ایک گودام میں منتقل کیا جارہا تھا۔

سعودی حکام نے 2021 میں لبنانی پھلوں اور سبزیوں کی درآمد پر پابندی عاید کردی تھی۔تب حکام نے انار کے اندرکیپٹاگون کی پچاس لاکھ سے زیادہ گولیاں اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی تھی۔شام سے اسمگلر مختلف اشیاء،پھلوں اور سبزیوں کی کھیپوں میں منشیات چھپانے کے لیے معروف ہیں۔وہ سنترے، زیتون اور انار کی پیٹیوں میں نشہ آورممنوعہ گولیاں چھپاکر دوسرے ممالک میں اسمگل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

منگل کے روز شامی حکام نے کیپٹاگون کی 24 کلوگرام مقدار کو قبضے میں لے لیا تھا۔اس کا کچلا بناکر اس طرح کردیا گیا تھا کہ وہ مشرقِ اوسط کے مشہور پکوان حُمُّص کی طرح نظر آئے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں