اسرائیل میں مقیم روسی مز اح نگار کے طنزیہ گانے سے ماسکو ناراض

سیمیون سلیپاکوف کا گانا "لولا بائی‘‘روس کا موازنہ ایسی ماں سے کرتا جو یوکرین کے میدان جنگ میں موت کی تسبیح کرر ہی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 3 منٹ

اسرائیل میں مقیم ایک روسی مز اح نگار کے طنزیہ گانے نے ماسکو کو ناراض کردیا ۔ ایک روسی فاؤنڈیشن نے کہا ہے کہ اس نے ایک مشہور روسی مزاح نگار کے ایک نئے گانے کے خلاف استغاثہ کے پاس شکایت درج کرا دی ہے ۔ ا س گانے میں یوکرین میں روس کے فوجی آپریشن اور اس کے حامیوں کا مذاق اڑایا گیا ہے۔ فاؤنڈیشن نے مزید کہا کہ اس کا خیال ہے کہ گانا روسی فوج کی توہین کرتا ہے جو اس وقت روس میں ایک مجرمانہ جرم ہے۔ .

سیمیون سلیپاکوف نے "لولا بائی " کے عنوان سے یہ گانا گایا جس میں وہ روس کا موازنہ ایک ایسی ماں سے کرتا ہے جو یوکرین کے میدان جنگ میں موت کی تسبیح کرتی ہے اور یہ مانتی ہے کہ اس کے بچوں کا فرض ہے کہ وہ اس کی شان کے لیے اپنی جانیں قربان کریں۔

فاؤنڈیشن فار پروٹیکشن آف نیشنل ہسٹورک ہیریٹیج نے جمعرات کو سرکاری خبر رساں ایجنسی ’’ٹاس‘‘ کو بتایا کہ اس نے استغاثہ کو ایک درخواست جمع کرائی ہے تاکہ اس بات کی تصدیق کی جائے کہ آیا اس گانے نے اس قانون کی خلاف ورزی کی ہے جس میں افواج کے مسلح افراد کی توہین کرنے کا الزام ثابت ہونے پر پانچ سال تک قید کی سزا دی جاتی ہے۔ ابھی تک پبلک پراسیکیوشن آفس یا وزارت انصاف کی طرف سے شکایت کا کوئی جواب نہیں آیا ہے۔

قانون سازوں اور سرکاری ٹیلی ویژن پر ٹاک شو کے میزبانوں نے حکام سے سلیپاکوف کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ سلیپاکوف گزشتہ سال 24 فروری کو یوکرین پر روس کے فوجی آپریشن کے آغاز کے بعد سے اسرائیل میں کام کر رہا ہے۔

گانے میں یہ سطر بھی شامل ہے کہ"جنگ میں مرنے سے بہتر کچھ نہیں ہے"۔ گانے میں روس کی نمائندگی کرنے والی ماں اپنے تین سالہ بیٹے سے کہتی ہے کہ اسے افسوس ہے کہ وہ لڑنے کے لیے بہت چھوٹا ہے۔ ماں اپنے درمیانی بیٹے کو غدار قرار دیتی ہے کیونکہ وہ یورپ میں آئی ٹی میں کام کرتا ہے۔ وہ اپنے بڑے بیٹے کی تعریف کرتی ہے کہ کیونکہ وہ یوکرین میں مارا جاتا ہے۔ نیشنل ہسٹورک ہیریٹیج پریزرویشن فاؤنڈیشن نے کہا کہ گانے کے بول اپنے ملک کے لیے اپنی جانیں قربان کرنے کے لیے تیار روسیوں کے پرخلوص جذبات کا مذاق اڑاتے ہیں۔

سلیپاکوف کے یوٹیوب پر 1.4 ملین سے زیادہ فالوورز ہیں۔ اس گانے کی میوزک ویڈیو نے منگل کو ریلیز ہونے کے بعد سے 7 لاکھ سے زیادہ آرا ء حاصل کرلی ہیں۔ اس گانے کو دوسرے پلیٹ فارمز پر بھی دسیوں ہزار ویوز مل چکے ہیں۔ کچھ سامعین نے گانے کے متعلق تضحیک آمیز تبصرے کئے ہیں۔ بعض نے سلیپاکوف کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے دانشمندی سے جنگ مخالف گانا پیش کیا ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں