شام میں زلزلہ کے بعد فوری 80 ملین ڈالر کی ضرورت ہے: ریڈ کراس

اپوزیشن کے علاقوں میں امداد تقسیم کرنے کے لیے شامی حکومت سے بات کر رہے ہیں: ریڈ کراس کی ’’ العربیہ‘‘ سے گفتگو

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 3 منٹ

ریڈ کراس نے العربیہ کو دیے گئے خصوصی بیانات میں انکشاف کیا کہ اسے زلزلے سے متاثرہ افراد کی مدد اور شام میں تباہ کن صورتحال سے نمٹنے کے لیے پہلے مرحلے کے طور پر تقریباً 80 ملین ڈالر کی ضرورت ہے۔ ریڈ کراس نے مطالبہ کیا کہ سیاست کو ایک طرف رکھا جائے اور تمام شام تک امداد پہنچانے پر توجہ دی جائے۔ جمعہ کے روز شامی حکومت نے اعلان کیا کہ ریڈ کراس اور اقوام متحدہ کے ساتھ مل کر امداد کو حزب اختلاف کے علاقوں میں جانے کی اجازت دی جائے گی۔

ریڈ کراس نے بتایا کہ ہم شامی حکومت کے ساتھ بات چیت کر رہے ہیں تاکہ اپوزیشن کے علاقوں میں امداد تقسیم کی جا سکے۔

اس سے قبل ورلڈ فوڈ پروگرام نے کہا تھا کہ شمال مغربی شام میں اس کا سٹاک ختم ہو رہا ہے۔ ورلڈ فوڈ پروگرام نے دونوں ملکوں میں آنے والے زلزلوں کے بعد ترکی سے مزید سرحدی گزرگاہیں کھولنے کا مطالبہ کیا ہے۔

مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ میں پروگرام کی علاقائی ڈائریکٹر کورین فلیشر نے کہا کہ شمال مغربی شام میں 90 فیصد آبادی کا انحصار انسانی امداد پر ہے۔ اس ضرورت کو دیکھتے ہوئے شام میں خوراک کے نئے ذخائر بھیجے جائیں۔

شام کے لیے اقوام متحدہ کے نائب خصوصی ایلچی نجاۃ رشدی نے زلزلے کے بعد بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ملک کے شمال مغربی علاقوں کو مزید فوری امداد کی ضرورت کا اعلان کیا ہے۔ رشدی نے شمال مغربی شام میں اقوام متحدہ کے امدادی قافلے کی آمد کا بھی انکشاف کیا۔

انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن نے کہا ہے کہ انسانی امداد لے جانے والے 14 ٹرک جمعہ کو ترکیہ سے سرحد عبور کر کے شمالی شام میں داخل ہوئے ہیں۔

آرگنائزیشن کے ترجمان پال ڈلن نے کہا کہ ٹرکوں میں تباہ کن زلزلے سے بے گھر ہونے والوں کی مدد کے لیے الیکٹرک ہیٹر، خیمے، کمبل اور دیگر اشیا ادلب لے جائی گئی ہیں۔

جمعہ کو شام کے "الاخباریہ" ٹی وی نے بتایا کہ وزیر اعظم نے حلب، لاذقیہ ، حماۃ اور ادلب کے گورنریٹس میں زلزلے سے متاثرہ علاقوں کو "آفت زدہ علاقے" قرار دیا ہے۔ شامی ایوان صدر نے جمعہ کو اعلان کیا کہ صدر بشار الاسد نے حلب یونیورسٹی ہسپتال کا دورہ کیا اور زلزلے سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا ہے۔ ایوان صدر نے زخمیوں کی عیادت کے دوران اسد اور ان کی اہلیہ کی تصاویر شائع کیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں