مقبوضہ مغربی کنارے میں واقع گاؤں حوارہ میں ایک مشتبہ فلسطینی شخص نے فائرنگ کرکے دو افراد کو زخمی کردیا ہے۔
اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ دونوں مجروحین یہودی ہیں۔ فلسطینی حکام نے فوری طور پراس واقعہ پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔صہیونی فوج کا کہنا ہے کہ وہ گولی چلانے والے مشتبہ شخص کا تعاقب کر رہی ہے۔
گذشتہ ایک ماہ کے دوران میں حوارہ اور اس کے آس پاس کے علاقے میں فائرنگ کا یہ تیسرا واقعہ ہے۔اس سے مسلمانوں کے مقدس ماہ رمضان میں تشدد میں مزید اضافے کا خدشہ پیداہو گیا ہے۔
مارچ کے اوائل میں ایک فلسطینی مسلح شخص نے حوارہ میں ایک کارسوار اسرائیلی جوڑے پرگولیاں چلائی تھیں، جس سے کارسوار مرد زخمی ہو گیا تھا۔
فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس سے تعلق رکھنے والے ایک مسلح شخص نے گذشتہ ماہ عقبہ میں اسرائیل اور فلسطین کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے مذاکرات کے پہلے دور کے وقت اسی قصبے میں ایک کارمیں سواردوآباد کاروں کو ہلاک کر دیا تھا۔
یہودی آبادکاروں نے اس حملے کے جواب میں فلسطینیوں کے گھروں اور کاروں کو آگ لگا دی تھی اور ایک فلسطینی جان کی بازی ہارگیا تھا۔
گذشتہ ایک سال کے دوران میں اسرائیلی افواج نے مغربی کنارے میں ہزاروں گرفتاریاں کی ہیں اور جنگجوؤں اورشہریوں سمیت 200 سے زیادہ فلسطینیوں کوشہید کردیا ہے جبکہ فلسطینیوں کے مختلف حملوں میں 40 سے زیادہ اسرائیلی اور تین یوکرینی شہری ہلاک ہوچکے ہیں۔