رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں مکہ مکرمہ میں ہلال احمر کے 24 ہزار رضا کار ہنگامی اور انسانی ہمدردی کے کاموں میں مصروف عمل ہوگئے ہیں۔ ریڈ کریسنٹ اتھارٹی ان رضا کاروں کے ذریعے آگاہی اور تعلیم کی فراہمی کے ساتھ ہنگامی اور انسانی ہمدردی کے رضا کارانہ خدمات میں بھی حصہ لیتی ہے۔
مکہ مکرمہ کی مسجد حرام میں رضاکارانہ خدمات ماہ صیام میں سب سے نمایاں رضاکارانہ پروگراموں میں سے ایک ہے۔ اس سال رمضان کے مہینے میں مسجد حرام میں رضاکاروں کی تعداد 500 مرد اور 400 خواتین تک پہنچ گئی ہے۔
رضاکاروں کے کام کو مسجد حرام کے اندر 30 سے زیادہ ایمرجنسی پوائنٹس میں تقسیم کیا گیا ہے جو جدید ترین آلات اور طبی آلات سے لیس ہیں۔ یہ رضا کار عمرہ کرنے والوں اور زائرین کو ہنگامی خدمات فراہم کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہتے ہیں۔
ماہ مقدس میں کھانے کے پیکٹ تیار کرنا اور انہیں اہل افراد میں تقسیم کرنے کے ساتھ روزہ داروں کے سحری کے بندوبست میں بھی کوشاں رہتے ہیں۔