مصر:دسمبر میں صدارتی انتخابات کے لیے پولنگ کا اعلان؛عبدالفتاح السیسی کی جیت متوقع

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
دو منٹ read

مصر میں صدارتی انتخابات کے لیے پولنگ 10 اور 12 دسمبر کو ہو گی اور صدر عبدالفتاح السیسی کے دوبارہ انتخاب جیتنے کی توقع ہے۔

مصر کے الیکشن حکام نے سوموار کو صدارتی انتخابات کے شیڈول کا اعلان کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ انتخابی نتائج کا اعلان 23 دسمبر کو متوقع ہے اور دوسرے مرحلے میں صدارتی انتخاب کی صورت میں حتمی نتائج کا اعلان 16 جنوری کو کیا جائے گا۔

اڑسٹھ سالہ السیسی 2019 میں کی گئی آئینی ترمیم کی وجہ سے تیسری مدت کے لیے انتخاب لڑ سکتے ہیں۔اس کے تحت صدارتی مدت چار سال سے بڑھا کر چھے سال کر دی گئی تھی۔جیت کی صورت میں ان کے لیے کم سے کم 2030 تک عہدے پر برقرار رہنے کی راہ ہموار ہو جائے گی۔

اگرچہ السیسی نے باضابطہ طور پر آیندہ صدارتی انتخابات میں امیدوار ہونے کا اعلان نہیں کیا ہے، لیکن حکومت کی حامی جماعتوں نے قاہرہ کے ارد گرد بل بورڈز سمیت ان کے دوبارہ انتخاب کی حمایت میں پہلے ہی مہم شروع کردی ہے۔

عبدالفتاح السیسی کو 2014 اور 2018 میں منعقدہ صدارتی انتخابات میں 97 فی صد ووٹوں کے ساتھ فاتح قرار دیا گیا تھا۔چار دیگر امیدواروں نے اس بار انتخاب لڑنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔ان میں سب سے نمایاں سابق رکن پارلیمان احمدالطنطاوی ہیں۔

سابق آرمی چیف السیسی 2014 میں الاخوان المسلمون کے منتخب صدر محمد مرسی کا تختہ الٹنے کے ایک سال بعد صدر بنے تھے۔انھوں نے محمد مرسی کو 2013ء میں معزول کردیا تھا اور ان کی جگہ اقتدار پر قبضہ کر لیا تھا۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں