فلسطینی وزارت صحت کے سرکاری ترجمان اشرف القدرہ نےکہا ہےکہ غزہ کی پٹی کے ہسپتالوں میں عمومی طور پر صحت کی کوئی سہولیات نہیں ہیں۔
انہوں نے جمعے کے روز العربیہ اورالحدث کو دیے گئے بیانات میں مزید کہا کہ شمالی علاقے کے ہسپتال مکمل طور پر تباہی کا شکار ہیں، کیونکہ الشفاء، انڈونیشیاء اور دیگر ہسپتال فوجی بیرک بن چکے ہیں۔
انہوں نےکہا کہ اسرائیلی فوج نے الشفاء ہسپتال کو ابھی تک خالی نہیں کیا ہے۔ اسرائیلی فوج نے الشفاء ہسپتال کی طرح انڈونیشیا ہسپتال پر دھاوا بولا۔
فائرنگ زخمی خاتون شہید، متعدد زخمی اور گرفتار
ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی فوج نے انڈونیشیا ہسپتال میں زخمی خواتین میں سے ایک کو ہلاک اور تین دیگر زخمیوں کو گرفتار کر لیا۔ اسرائیلی فوج نے شدید فائرنگ کے دوران وہاں موجود افراد کو خوف زدہ کیا۔
اس بات کا امکان تھا کہ اسرائیلی فوج ہسپتال کے اندر نہیں بلکہ اردگرد تعینات تھی۔
سرنگ کی تباہی
قبل ازیں اسرائیلی فوج نے جنگ بندی لائنوں کے اپنے آپریشنل جائزے کے حوالے سے ایک بیان میں تصدیق کی تھی کہ اس کی افواج نے صبح سویرے ایک سرنگ کو تباہ کر دیا جو غزہ شہر میں شفا میڈیکل کمپلیکس کے نیچے سے ملی تھی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے 36ویں ڈویژن کی قیادت میں اور یحلوم یونٹ کے خصوصی دستوں کے ساتھ مل کر الشفاء ہسپتال کے علاقے میں زیر زمین سرنگوں کی ایک سڑک اور کئی سرنگوں کو تباہ کر دیا۔
اسرائیل کا الزام ہے کہ حماس الشفا ہسپتال کے نیچے موجود سرنگوں کو فوجی کارروائیوں کے لیے استعمال کر رہی ہے تاہم حماس نے اس کی سختی سے تردید کی ہے۔