دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم کی طرف سے اعلان کیا گیا ہے کہ دبئی میں 20 سال تک مذہبی خدمات انجام دینے والے آئمہ حضرات اور علمائے کرام کو انعمات سے نوازا جائے گا۔ اس سلسلے میں پہلی بار انہیں دبئی کا اہم ترین گولڈن ویزا بھی پیش کیا جا رہا ہے۔
گولڈن ویزا دبئی میں طویل مدت تک رہنے کا اجازت نامہ ہے۔ جس کی مدت پانچ سے دس سال ہوتی ہے۔ یہ ویزہ رکھنے والا ہر غیر ملکی یہاں رہنے، کام کرنے اور تعلیم حاصل کرنے کا حق حاصل کر لیتا ہے۔ حتیٰ کہ بیوی بچوں کی کفالت کا اختیار بھی اسے مل جاتا ہے اور عمر کے کم یا زیادہ ہونے کا معاملہ بھی اس ویزے کی راہ میں رکاوٹ نہیں بنتا۔
خیال رہے پچھلے ماہ ہی شیخ حمدان نے دبئی میں کام کرنے والے آئمہ مساجد اور مؤذن حضرات کی تنخواہوں میں اضافے کا بھی اعلان کیا ہے۔ علاوہ ازیں عید الفطر کے موقع پر مذہبی شخصیات کو مالی انعامات سے بھی نوازا جاتا ہے۔
دبئی کا گولڈن ویزا رکھنے والے غیر ملکیوں کو دبئی میں کاروبار کرنے کا بھی حق مل جاتا ہے۔ علماء کو یہ ویزا ملنے کے بعد ان کے پاس یہ سہولت ہوگی کہ وہ بڑے کاروباریوں کی طرح چاہیں تو دبئی میں کاروبار بھی شروع کر سکتے ہیں۔ علماء کے لیے یہ ایک بڑی پیش کش سامنے آئی ہے۔