فلسطینی وزارت صحت نے بتایا ہے کہ مقبوضہ مغربی کنارے کے رام اللہ سے ملحقہ قصبے کفر نیما میں سوموار اور منگل کی درمیانی شب اسرائیلی فورسز کی فائرنگ سے چار افراد ہلاک ہو گئے۔
وزارت صحت نے کہا کہ اسرائیلی فورسزکی فائرنگ سے زخمی ہونے والے آٹھ افراد کو رام اللہ کے مغرب میں واقع گاؤں کفر نیما سے فلسطین میڈیکل کمپلیکس پہنچایا گیا ہے۔ ان میں بعض کی حالت تشویشناک بیان کی جاتی ہے۔
سکیورٹی ذرائع نے فلسطینی خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ اسرائیلی اسپیشل فورس نے کفر نیما گاؤں کے قریب ایک گاڑی پر گولیاں برسائیں جس سے متعدد شہری زخمی ہوگئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیلی فورسز نے گاڑی پر گولی چلانے کے بعد گاؤں پر دھاوا بول دیا، جس سے تصادم شروع ہو گیا۔
رام اللہ اور البہرہ کے علاقے میں فتح تحریک نے چار افراد کی ہلاکت کے خلاف منگل کو رام اللہ اور البیرہ گورنری جامع ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔
اسرائیلی بارڈر پولیس نے کہا کہ اس نے ایک گاڑی پر فائرنگ کی جس نے ایک چھاپے کے دوران اس کے متعدد اہلکاروں کو کچلنے کی کوشش کی۔
بارڈر پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ فورسز پیر کی صبح حملے کی کوشش میں مشتبہ افراد کو گرفتار کرنے کے لیے ایک عمارت پر چھاپہ مارا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ جیسے ہی فورس جائے وقوعہ کے قریب پہنچی تو چار مشتبہ افراد نے سکیورٹی اہلکاروں پرکار چڑھانے کی کوشش کی۔ اس پر فوج نے فائرنگ کرکے متعدد مشتبہ ملزمان کوگولیاں مار کر ہلاک کردیا۔