فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی فوج نے ایک 15 سالہ فلسطینی بچے کو ہلاک کر دیا ہے۔ نو عمر فلسطینی کی ہلاکت کا یہ واقعہ جمعرات کے روز مقبوضہ مغربی کنارے میں پیش آیا ہے۔ تاہم اسرائیلی فوج نے اس واقعے پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا ہے۔
دوسری جانب اسرائیلی پولیس نے ایک معمر اسرائیلی کی ہلاکت کا بتایا ہے۔ اسرائیلی کی ہلاکت کا یہ واقعہ ' کار چیکنگ ' کے دوران پیش آیا ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ فلسطینی نوعمر کا نام نعیم عبداللہ سمحہ ہے۔ اسرائیلی قابض فوج نے اسے قلقلیہ کے علاقے میں گولی مار کر ہلاک کیا ہے۔ اسے فوجیوں نے سینے میں گولی ماری ہے۔ یہ بات فلسطینی وزارت صحت کے حوالے سے خبر رساں ادارے وفا نے رپورٹ کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق نوعمر فلسطینی کو زخمی ہونے کے بعد فوری ہسپتال لے جایا گیا ۔ لیکن ہسپتال میں بتایا گیا کہ اب وہ اس دنیا میں نہیں رہا ہے۔ فوج نے ابھی تک اس بچے پر فائرنگ کی بھی وجہ بیان نہیں کی ہے۔
البتہ اسرائیلی پولیس کا کہنا ہے کہ جمعرات کی صبح ایک 78 سالہ اسرائیلی کارچیکنگ کے واقعے میں زخمی ہوا۔ بعد ازاں وہ زخموں سے انتقال کر گیا۔ البتہ ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ ان دونوں واقعات کا آپس میں کیا تعلق ہے۔
مغربی کنارے کا علاقہ 1967 سے اسرائیل کے قبضے میں ہے
سات اکتوبر سے اب تک اس علاقے میں 547 فلسطینیوں کو قتل کیا چکا ہے۔ اسرائیل نے اس مقبوضہ مغربی کنارے میں 490000 یہودی آباد کاروں کو یورپی ملکوں سے لا کر آباد کیا ہے۔