سعودی عرب میں انسداد منشیات حکام نے جازان میں گشت کے دوران تین ملزمان کو گرفتار کیا ہے، جن پر منشیات کی سمگلنگ کا الزام عائد کیا جاتا ہے۔
جازان کے علاقے میں الدائر سیکٹر میں سرحدی محافظوں کے زمینی گشت تین یمنی باشندوں کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔ ملزمان سرحدی حفاظتی نظام کی خلاف ورزی کرتے ہوئے 55,350 نشہ آور گولیاں اسمگل کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ ان کے خلاف ابتدائی ضابطے کی کارروائی مکمل کرنے کے بعد ضبط کی گئی منشیات کو متعلقہ حکام کے حوالے کر دیا گیا۔
اسی دوران جازان کے علاقے العارضہ سیکٹر میں سرحدی محافظوں کے زمینی گشت نے 180 کلو گرام منشیات قات کی اسمگلنگ کو ناکام بنا دی۔ پکڑی گئی منشیات کو مجاز حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود نے ’ایکس‘ پلیٹ فارم پر اپنے اکاؤنٹ کے ذریعے کہا ہے کہ سعودی عرب منشیات کی لعنت کے سد باب کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لایا ہے۔ منشیات سے نمٹنے اور ان کے سمگلروں اور ڈیلروں کی گرفتاری کے لیے فعال حفاظتی منصوبے شروع کیے گئے ہیں۔