فلسطینی وزارت خارجہ نے مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی یہودی آباد کاروں اور فوج کی طرف سے مسلسل حملوں کو فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کی دہشت گردی منظم قرار دیا ہے۔وزارت خارجہ کا یہ بیان مقبوضہ مغربی کنارے میں تازہ حملوں کی مذمت کے لیے جمعہ کے روز سامنے آیا ہے۔
دریں اثنا رام اللہ میں فلسطینی اتھارٹی کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیلی حملوں کے دوران ایک فلسطینی جاں بحق اور ایک شدید زخمی ہو گیا ہے۔ شدید زخمی ہونے والے فلسطینی کو بھی یہودی آباد کاروں نے سینے میں گولی ماری ہے۔
واضح رہے یہودی آباد کاروں نے یہ مسلح اور منظم حملہ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب نابلس کے نواح میں جت نامی گاؤں پر کیا ہے۔ واضح رہے سات اکتوبر سے اب تک مقبوضہ مغربی کنارے میں چھ سو سے زائد فلسطینی جاں بحق ہو چکے ہیں ۔