ثالثوں کی غزہ جنگ بندی کی کوششوں میں تیزی، اسرائیلی حملوں میں 16 افراد ہلاک

مذاکرات کی اب تک کی تمام کوششیں بارآور ثابت نہیں ہوئیں

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 3 منٹ

عرب ثالثوں کے ہمراہ امریکہ نے بدھ کے روز غزہ میں 14 ماہ پرانی جنگ روکنے کے لیے ایک معاہدہ طے کرنے کی کوشش کی جہاں طبی ماہرین کے مطابق اسرائیلی حملوں میں راتوں رات کم از کم 16 فلسطینی ہلاک ہو گئے۔

منگل کو قاہرہ میں ہونے والے مذاکرات کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ جنگ بندی اور اسرائیل کے زیرِ حراست فلسطینی قیدیوں کے بدلے غزہ میں اسیر اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کے لیے آئندہ دنوں میں ایک معاہدے پر دستخط ہو سکتے ہیں۔

طبی ماہرین نے بتایا کہ شمالی قصبے بیت لاہیا میں ایک گھر پر اسرائیلی فضائی حملے میں کم از کم 10 افراد ہلاک ہو گئے جہاں اکتوبر سے فوجی دستے کام کر رہے ہیں جبکہ غزہ شہر، وسطی علاقوں میں نصیرات کیمپ اور مصر کے ساتھ سرحد رفح کے قریب الگ الگ فضائی حملوں میں چھ افراد ہلاک ہو گئے۔

اسرائیلی فوج کے ترجمان کی جانب سے کوئی فوری تبصرہ نہیں کیا گیا۔

امریکی انتظامیہ نے مصر اور قطر کے ثالثین کے ہمراہ حالیہ دنوں میں مذاکرات کو آگے بڑھانے کے لیے بھرپور کوششیں کی ہیں، اس سے پہلے کہ صدر جو بائیڈن اگلے ماہ عہدہ چھوڑ دیں۔

بدھ کے روز مذاکرات کے بارے میں قریبی معلومات کے حامل ایک فلسطینی اہلکار نے کہا کہ ثالثین نے معاہدے کی بیشتر شقوں پر اختلافات کم کر دیئے تھے لیکن انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے ایسی شرائط پیش کیں جو حماس نے مسترد کر دیں۔ البتہ انہوں نے تفصیل نہیں بتائی۔

دیگر باخبر ذرائع نے بتایا کہ سی آئی اے کے ڈائریکٹر ولیم برنس کی بدھ کے روز دوحہ میں قطری وزیرِ اعظم شیخ محمد بن عبدالرحمٰن آلِ ثانی سے ملاقات طے شدہ تھی تاکہ اسرائیل اور حماس کے درمیان بقیہ اختلافات ختم کیے جائیں۔ سی آئی اے نے اس پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔

مئی میں بائیڈن کا پیش کردہ معاہدہ طے کروانے کی کوششوں کے سلسلے میں اسرائیلی مذاکرات کار بھی پیر کو دوحہ میں تھے۔

گذشتہ ایک سال کے دوران مذاکرات کے بارہا دور ہو چکے ہیں جن میں سے تمام ہی ناکام رہے کیونکہ اسرائیل غزہ میں فوجی موجودگی برقرار رکھنے پر بضد رہا اور حماس نے غزہ سے اسرائیلی فوجیوں کے انخلاء تک یرغمالیوں کو رہا کرنے سے انکار کر دیا۔

یاد رہے کہ غزہ میں اسرائیلی مظالم میں 45000 سے زیادہ فلسطینی جاں بحق ہو چکے ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں