قیدیوں کی رہائی پر حماس کی لچک کے بعد تین مدتی معاہدے کی راہ ہموار: العربیہ ذرائع
امریکہ کو دو ہفتوں میں معاہدے کی امید، اسرائیل شمالی غزہ میں امدادی سامان کی ترسیل محدود کر رہا: اقوام متحدہ
فلسطینی ذرائع نے العربیہ اور الحدث کو بتایا ہے کہ غزہ معاہدے کے حوالے سے اسرائیلی شرائط نے تجاوز کیا ہے۔ اس دوران حماس نے لچک کا مظاہرہ کیا جس نے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کو مذاکرات کی طرف واپس آنے کے متعلق سوچنے پر مجبور کر دیا۔ ذرائع نے کہا کہ معاہدے کو تین مختلف مدتوں میں نافذ کیا جائے گا نہ کہ الگ الگ مراحل میں۔ تحریک حماس پہلے مرحلے میں قیدیوں کی فہرست حوالے کرنے پر راضی ہوئی۔
العربیہ اور الحدیث ذرائع نے مزید بتایا کہ ثالثوں کو معاہدے کا متن موصول ہوا ہے۔ اس حوالے سے اسرائیل کے موقف کا انتظار کیا جا رہا ہے۔ نیتن یاہو نے حماس کے مثبت پیغام کے بعد وزیر دفاع یسرائیل کاٹز اور مذاکراتی ٹیم کے ساتھ ایک ہنگامی میٹنگ کی جس کا اشارہ اسرائیلی نشریاتی ادارے نے بھی دیا تھا۔
دوسری وائٹ ہاؤس کے ترجمان جان کربی نے کہا کہ صدر جو بائیڈن نے دوحہ مذاکرات میں شریک اپنی مذاکراتی ٹیم کے ساتھ بات کی۔ بائیڈن کی مدت کے اختتام سے قبل کسی معاہدے تک پہنچنے کے لیے سنجیدگی سے کام جاری ہے۔ امریکی ویب سائٹ ’’ایکسیوس‘‘ نے کہا ہے کہ مذاکرات میں کچھ پیش رفت کے باوجود اسرائیل اور حماس کے درمیان خلیج موجود ہے۔ اخبار ’’ ٹائمز آف اسرائیل‘‘ نے غزہ میں جنگ بندی کے امکانات کے حوالے سے امریکی حکام کی جانب سے دو ہفتوں کے اندر غزہ جنگ بندی کے معاہدے کی محتاط امید ظاہر کی ہے۔ سی آئی اے کے ڈائریکٹر ولیم برنز نے دوحہ میں جاری مذاکرات کو سنجیدہ قرار دیا ہے۔
اسرائیلی فوج کے طیاروں نے جنگ کے 463 ویں دن بھی شمالی اور جنوب کی پٹی کے مختلف علاقوں پر الگ الگ بمباری کی۔ غزہ شہر کے جنوب مشرق میں الزیتون محلے میں ایک خاندان کی رہائشی عمارت کو نشانہ بنایا گیا۔ اس حملے میں ایک فلسطینی شہید اور کم از کم تین زخمی ہوگئے۔ غزہ کے حکام نے بتایا ہے کہ اس جنگ میں فلسطینی شہدا کی تعداد 46537 ہوگئی ہے۔ سول ڈیفنس نے ایک بیان میں اعلان کیا کہ غزہ، وسطی اور خان یونس گورنریٹس میں کئی فائر اور ریسکیو گاڑیوں نے کام کرنا چھوڑ دیا ہے۔ گاڑیوں کی مرمت کے لیے درکار سامان اور سپیئر پارٹس کی کمی کی وجہ سے گاڑیوں کے چلنے کا امکان نہیں۔
اہم امداد کے بارے میں، اقوام متحدہ کے دفتر برائے رابطہ برائے انسانی امور نے اطلاع دی ہے کہ اسرائیل نے شمالی غزہ گورنری میں امداد کی آمد کو محدود رکھا ہوا ہے اور اقوام متحدہ کی طرف سے فراہم کی جانے والی 21 میں سے صرف 10 انسانی امداد کی کھیپوں کو منتقل کرنے کی اجازت دی ہے۔