کویت نیشنل گارڈز کے کمانڈ سنٹر میں کویتی نیشنل گارڈز اور متحدہ عرب امارات کے نیشنل گارڈز کی مشترکہ مشقوں کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ ان مشترکہ مشقوں کو ' نصر 20' کا نام دیا گیا ہے۔
ان مشقوں کے مل کر کرنے کا بنیادی مقصد خلیجی ریاستوں کے درمیان تعاون کو بڑھانا ، دو طرفہ مہارتوں اور تجربات میں ایک دوسرے کو شریک کرنا اور فوجی تعاون کو فروغ دینا ہے۔
کویت کے خبر رساں ادارے ' کویت پریس ایجنسی ' کے مطابق کویتی نیشنل گارڈز کے انڈر سیکرٹری لیفٹیننٹ جنرل ہاشم الرفاعی نےاس موقع پر متحدہ عرب امارات کے نیشنل گارڈز کے کمانڈر میجر جنرل صالح العامری کے زیر قیادت آنے والے دستوں کا خیر مقدم کیا۔
فوجی مشقوں کو ' سی پی ایکس ۔۔ شیلڈ ' کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ ان مشقوں کا انعقاد کویتی نیشنل گارڈز کے کمانڈ سنٹر کے شیخ صالح علی کیمپ میں کیا جا رہا ہے۔
اب تک اس طرح کی دو مشترکہ مشقوں کے 19 ایڈیشن ہو چکے ہیں۔ اب اس ہفتے شروع ہونے والی مشقوں کو نصر 20 کہا جارہا ہے۔ ان مشقوں کا کویت کی طرف سے باقاعدگی سے اہتمام کیا جاتا ہے۔ ان میں کویتی سلامتی کے اداروں کے علاوہ پڑوسی ریاستوں کے دستے بھی شرکت کے لیے آتے ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل الرفاعی نے کویتی نیشنل گارڈز کی قیادت شیخ مبارک حمود الجابر الصباح اور ان کے نائب کی طرف سے اماراتی فورسز کی قیادت کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔