غزہ میں جنگ بندی کے لیے ایک ثالث ملک مصر نے کہا ہے اسے غزہ میں جنگ بندی کے لیے اسرائیل کی جانب سے ایک نئی تجویز کے مثبت اشارے ملے ہیں۔ مصر سے متعلق سیکورٹی ذرائع کے مطابق 'ہو سکتا ہے یہ ایک عبوری مرحلے میں شامل ہو۔'
اس تجویز میں کہا گیا ہے کہ حماس ہر ہفتے پانچ اسرائیلی قیدیوں کو رہا کرے گا۔
'قاہرہ نیوز ٹی وی' کے مطابق مصر کا ایک وفد قطر روانہ ہو گیا ہے۔ تاکہ جنگ بندی معاہدے کے لیے مذاکرات کرے ، امدادی سامان کی ترسیل میں اضافہ ممکن بنائے اور باقی رہ گئے اسیران کی رہائی کے لیے کوشش کر سکے۔
یاد رہے غزہ میں اس وقت سے کشیدگی بڑھ چکی ہے جب سے جنگ بندی معاہدے کو آگے بڑھانے کے لیے مذاکرات کرنے کے بجائے اسرائیل نے 18 مارچ سے دوبارہ غزہ پر جنگ مسلط کردی ہے۔
تازہ ترین تجاویز کے حوالے سے فلسطینی ذرائع نے کہا کچھ ایسی تجاویز سامنے آئی ہیں جو پہلے کے مقابلے میں زیادہ بہتر ہیں۔
تاہم جب اس فلسطینی ذمہ دار سے یہ پوچھا گیا کہ جنگ بندی کے سلسلے میں وہ کب تک ایک پیش رفت ہوتی دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا ' شاید ابھی ممکن نہ ہو۔'
ان تجاویز کے بارے میں ابھی تک اسرائیلی وزیر اعظم نیتن ہاہو نے کوئی جواب تو نہیں دیا۔ البتہ ان کے دفتر نے ضرور یہ جواب دیا ہے کہ اسرائیل اپنا مذاکراتی وفد فی الحال قطر نہیں بھیج رہا ہے۔