موراگ کوریڈور پر مکمل کنٹرول حاصل کرنے اور رفح شہر کو گھیرے میں لینے کے بعد اسرائیلی فوج نے جنوبی غزہ کی پٹی کے متعدد علاقوں پر توپ خانے سے گولہ باری کی ہے۔ العربیہ کے نمائندے کے مطابق توپ خانے کی گولہ باری نے خان یونس کے مشرقی حصے، صلاح الدین محور کے مشرقی علاقوں اور جنوبی غزہ کی پٹی میں خان یونس کے جنوب میں قیزان النجار میں الکلیہ سٹریٹ کو نشانہ بنایا۔
گولہ باری نے شمالی غزہ کی پٹی میں بیت لاہیا شہر کے شمال مشرق میں ام النصر گاؤں کے آس پاس کے علاقوں کو بھی نشانہ بنایا۔ غزہ شہر کے مشرقی علاقوں پر بھی شدید گولہ باری کی گئی۔ قبل ازیں اسرائیلی وزیر دفاع یسرائیل کاٹز نے تصدیق کی تھی کہ فوج کی سرگرمیاں جلد بھرپور طریقے سے غزہ کے بیشتر علاقوں کو شامل کرنے کے لیے وسیع ہو جائیں گی۔ انہوں نے کہا تھا کہ اسرائیلی فوج کی سرگرمی جلد ہی مضبوطی سے پھیلے گی تاکہ غزہ کا بیشتر حصہ شامل ہو جائے اور آپ کو جنگی علاقوں کو خالی کرنا پڑے۔
یسرائیل کاٹز نے کہا کہ امریکی صدر کے ویژن ، جسے ہم حاصل کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں، کے تحت غزہ کے شہری رضاکارانہ طور پر دنیا کے مختلف ممالک میں منتقل ہو سکیں گے
36ویں ڈویژن کی افواج
یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب اسرائیلی فوج نے ہفتہ کو اعلان کیا کہ اس کی افواج نے "موراگ محور" کا کنٹرول مکمل کر لیا ہے اور جنوبی غزہ کے شہر رفح کو گھیرے میں لے لیا ہے۔ اسرائیلی فوج کے ترجمان اویچائی ادرائی نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا 36ویں ڈویژن کی افواج نے موراگ کوریڈور کو کھول دیا ہے۔ یہ کوریڈور جنوبی غزہ کی پٹی کو رفح بریگیڈ اور خان یونس کے درمیان تقسیم کرتا ہے۔ اسرائیلی فوج نے زیر زمین سرنگوں اور حماس کے بنیادی ڈھانچے کو تباہ کر دیا اور رفح کا گھیراؤ مکمل کر لیا ہے۔