لبنان کے جنوب میں الغازیہ ہائی وے پر ایک گاڑی کو اسرائیلی ڈرون طیارے کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔ مقامی میڈیا کے مطابق آج جمعے کے روز ہونے والی کارروائی میں تین راکٹ داغے گئے۔ اس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک ہو گیا۔
اس سے قبل جمعرات کے روز اسرائیلی فوج کا کہنا تھا کہ اس نے بدھ کی شب جنوبی لبنان میں حزب اللہ تنظیم کے انفرا اسٹرکچر کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔
اس حوالے سے جاری ایک بیان میں اسرائیلی فوج نے باور کرایا کہ وہ حزب اللہ کی جانب سے شہریوں کی آڑ میں عسکری وجود کی تعمیر نو یا قیام کی کسی بھی کوشش کے خلاف کام کرے گی۔
اگرچہ امریکی وساطت سے 27 نومبر (2024) کو حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان فائر بندی کا معاہدہ نافذ العمل ہو چکا ہے، تاہم اسرائیل کی جانب سے لبنان کے جنوب اور مشرق میں کئی علاقوں پر حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔
اسرائیل کا کہنا ہے کہ وہ حزب اللہ کے عناصر اور تنصیبات کو نشانہ بنا رہا ہے، اور وہ جنگ کے بعد تنظیم کو اپنی صلاحیتوں کی از سر نو تعمیر کی اجازت نہیں دے گا۔
اسی طرح اسرائیلی فوج اس وقت جنوبی لبنان میں 5 تزویراتی علاقوں میں تعینات ہے جہاں سے وہ سرحد کے دونوں جانب کی نگرانی انجام دے رہی ہے۔