امریکہ سے آئے ہوئے اعلیٰ سطح کے وفد نے سعودی وزیر مملکت برائے خارجہ امور عادل الجبیر سے ملاقات کی ہے۔ ملاقات وزارت خارجہ کے ہیڈ کوارٹرز دارالحکومت ریاض میں ہوئی ہے۔
امریکی وفد میں ایوان نمائندگان کے ارکان شامل ہیں۔ سعودی خبر رساں ادارے ' ایس پی اے ' کے مطابق وفد کی قیادت ایوان کی خارجہ امور کمیٹی کے سربراہ برائے مشرق وسطی مائیکل لالر کر رہے ہیں۔
وفد کی سعودی وزیر سے ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس موقع پر باہمی دلچسپی کے امور کے علاوہ خطے اور بین الاقوامی سطح پر پیدا شدہ صورت حال پر بھی فریقین نے اپنا اپنا نقطہ نظر پیش کیا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سعودی عرب کے حالیہ دورے کے بعد یہ وفد ایک فالو اپ وزٹ کے طور پر تھا۔ صدر ٹرمپ کا مملکت کا غیر معمولی دورہ اسی ماہ مئی کے وسط میں کیا گیا تھا۔ اس دورے سے سعودی عرب اور امریکہ کے تعلقات کو ایک نئی شناخت ملی ہے۔ پہلے سے بھی زیادہ مضبوط اور ہمہ گیر تعلقات کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گیا ہے۔