سعودی عرب کی کمیونیکیشن، خلائی و ٹیکنالوجی اتھارٹی نے یومِ عرفہ نو ذوالحجہ 1446ھ کے دوران مکہ مکرمہ اور مقدس مقامات میں ٹیلی کمیونیکیشن نیٹ ورکس کی کارکردگی سے متعلق اعداد و شمار جاری کیے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق اس دن مجموعی طور پر ایک کروڑ 83 لاکھ ٹیلی فون کالز کی گئیں، جن میں سے ایک کروڑ 59 لاکھ مقامی اور 24 لاکھ بین الاقوامی کالز تھیں۔
موبائل انٹرنیٹ کی رفتار میں نمایاں بہتری
اتھارٹی کے مطابق موبائل انٹرنیٹ کی اوسط رفتار 288 میگابِٹس فی سیکنڈ ریکارڈ کی گئی، جو گذشتہ سال کی نسبت 15 فیصد زیادہ ہے۔ اس کے علاوہ، یومِ عرفہ کے دن فی صارف اوسط ڈیٹا استعمال 1278 میگا بائٹ تک جا پہنچا، جو عالمی سطح پر فی کس یومیہ ڈیٹا استعمال کے اوسط سے 29 گنا زیادہ ہے۔
حجاج کو جدید سہولیات کی فراہمی میں کوئی کسر نہیں چھوڑی گئی
رپورٹ میں واضح کیا گیا کہ سعودی عرب میں ٹیلی کمیونیکیشن اور ٹیکنالوجی کا شعبہ، قیادت کی توقعات کے عین مطابق اعلیٰ ترین معیار کی خدمات فراہم کر رہا ہے۔
جدید تکنیکی نظام اور تجربہ کار عملے کی مدد سے حجاج کو تیز ترین انٹرنیٹ اور باآسانی مقامی و بین الاقوامی کالز کی سہولت مہیا کی گئی، تاکہ وہ اپنے پیاروں سے رابطے میں رہ سکیں اور اپنے روحانی سفر میں یکسوئی حاصل کریں۔