ایران: اسرائیلی حملوں میں ہلاکتیں 1100 تک جا پہنچیں
5600 سے زائد افراد زخمی، 160 تاحال ہسپتالوں میں زیر علاج
ایران نے پیر کے روز اعلان کیا ہے کہ اسرائیلی حملوں میں جاں بحق افراد کی تعداد بڑھ کر 1100 ہو گئی ہے، جن میں 126 خواتین اور 41 بچے شامل ہیں۔
ایرانی نائب صدر اور سابق فوجیوں کی تنظیم کے سربراہ سعید اوحدی کے مطابق اسرائیل کی جانب سے ایران پر کی جانے والی کارروائیوں کے نتیجے میں 1100 افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، جن میں سے 1060 کی تدفین سرکاری اعزاز کے ساتھ مختلف شہروں میں کی گئی۔
اوحدی نے ایک پریس بریفنگ میں بتایا کہ مرنے والوں میں 126 خواتین اور 41 بچے شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں اسرائیلی حملوں کے باعث تقریباً 5600 افراد زخمی ہوئے، جن میں سے 160 زخمی اب بھی ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔
قبل ازیں ایران کی وزارتِ صحت نے 30 جون کو اعلان کیا تھا کہ اسرائیلی حملوں میں مرنے والوں کی تعداد 935 تھی۔
یاد رہے کہ 13 جون کو اسرائیل نے ایران کے خلاف ایک بڑے فضائی حملےکا آغا کیا۔ یہ لڑائی 12 روزجاری رہی جس میں فوجی و جوہری تنصیبات، شہری عمارتوں، فوجی کمانڈرز اور جوہری سائنس دانوں کو نشانہ بنایا گیا۔
اس کے جواب میں ایران نے اسرائیلی فوجی اور انٹیلی جنس مراکز پر بیلسٹک میزائلوں اور ڈرون حملوں سے جوابی کارروائی کی۔ بعد ازاں 24 جون کو امریکہ نے تل ابیب اور تہران کے درمیان جنگ بندی کا اعلان کیا۔