فرانسیسی عدالت نے شام کے سابق صدر بشار الاسد کے خلاف 2013 میں مہلک کیمیائی حملوں کے الزام میں ایک نیا بین الاقوامی گرفتاری وارنٹ جاری کر دیا۔ فرانس کی عدالتیں اس سے پہلے بشار کے خلاف دو وارنٹ جاری کر چکی ہیں۔
فرانسیسی عدالتی ذرائع کے مطابق پیرس کے ججوں نے یہ وارنٹ 29 جولائی کو جاری کیا، جس میں الاسد پر انسانیت کے خلاف جرائم اور جنگی جرائم میں ملوث ہونے کے الزامات شامل ہیں۔ یہ اقدام اُس وقت سامنے آیا جب فرانسیسی عدالت نے اسی مقدمے سے متعلق پہلا وارنٹ منسوخ کر دیا تھا۔ اسی روز قومی استغاثہ برائے انسدادِ دہشت گردی نے نیا وارنٹ جاری کرنے کی درخواست دی تھی۔
پہلا وارنٹ نومبر 2023 میں جاری ہوا تھا مگر 25 جولائی کو عدالتِ عالیہ نے اسے اس بنیاد پر کالعدم قرار دے دیا کہ الاسد اُس وقت منصبِ صدارت پر فائز تھے اور انھیں مکمل سفارتی استثنا حاصل تھا۔ تاہم عدالت نے وضاحت کی کہ چونکہ بشار الاسد کو 8 دسمبر 2024 کو اقتدار سے ہٹایا جا چکا ہے، اس لیے اب ان کے خلاف نئے وارنٹ جاری کیے جا سکتے ہیں۔
بشار الاسد پر عائد الزامات کے مطابق مذکورہ کیمیائی حملے 5 اگست 2013 کو شام کے دو علاقوں عدرا اور دوما میں کیے گئے تھے، جن میں 450 افراد زخمی ہوئے۔ بعد ازاں 21 اگست کو مشرقی غوطہ میں ہونے والے حملے میں امریکی انٹیلی جنس کے مطابق اعصاب شکن گیس "سارین" کے باعث ایک ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔
فرانسیسی عدالتوں نے ماضی میں بھی بشار الاسد کے خلاف دو بین الاقوامی وارنٹ جاری کیے تھے۔ پہلا وارنٹ 20 جنوری 2025 کو جنوبی شام کے شہر درعا میں 2017 کے فضائی حملے کے الزام میں جاری ہوا تھا، جس میں عام شہری ہلاک ہوئے تھے۔ دوسرا وارنٹ 19 اگست کو 2012 میں شہر حمص میں صحافیوں کے مرکز پر بم باری کے الزام میں جاری کیا گیا تھا، جس میں امریکی صحافی میری کولون اور فرانسیسی فوٹوگرافر ریمی اوشلیک مارے گئے تھے۔
مزید برآں، ستمبر 2025 کے آخر میں شام کی اپنی عدلیہ نے بھی الاسد کے خلاف عدم حاضری میں گرفتاری کا وارنٹ جاری کیا تھا تاکہ اس معاملے کو بین الاقوامی پولیس ادارے "انٹرپول" کے ذریعے آگے بڑھایا جا سکے۔
ادھر موجودہ شامی صدر احمد الشرع نے گزشتہ ہفتے ماسکو کے دورے کے دوران روسی قیادت سے مطالبہ کیا کہ بشار الاسد کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے اُنہیں حوالے کیا جائے۔
-
شام کا 12 ملین کیپٹاگون گولیاں ضبط کرنے کا اعلان
شامی وزارتِ داخلہ نے پیر کو کہا کہ اس نے منشیات کی سمگلنگ میں ملوث دمشق کے قریب ...
مشرق وسطی -
اسرائیلی فوج کی شام اور لبنان کی سرحدوں پر جنگی مشقیں
مختلف دفاعی اور جارحانہ منظرناموں پر تربیت، آرمی چیف ایال زامیر کی مشقوں میں ...
مشرق وسطی -
شامی افسران کو سعودی اور ترک فوجی اکیڈمیوں میں بھیجنے کا آغاز
اس کا مقصد شامی دفاعی افواج کی جنگی صلاحیتیں بڑھانا ہے
مشرق وسطی