اسرائیل نے جنوبی لبنان میں ہمارے فورسز پر فائرنگ کی : یونیفل

یونیفل نے گزشتہ چند ماہ کے دوران کئی بار اعلان کیا کہ اس کی فورسز کو اسرائیلی فوج کے حملوں میں نشانہ بنایا گیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 3 منٹ

لبنان میں اقوام متحدہ کی امن فورس "یونیفل" نے اعلان کیا ہے کہ اتوار کی صبح اسرائیلی فوج کے ایک ٹینک نے جنوبی لبنان میں اس کی فورسز پر فائرنگ کی۔ یونیفل کے بیان کے مطابق یہ فائرنگ اسرائیل کے قائم کردہ ایک داخلی کیمپ کے قریب ہوئی، جس میں بھاری گولہ باری سے اہل کاروں کو پانچ میٹر کے فاصلے پر نشانہ بنایا گیا۔ فوجی پیدل گزر رہے تھے اور حفاظتی اقدام کے طور پر قریب ہی پناہ لینے پر مجبور ہوئے۔

یونیفل نے بتایا کہ فورسز نے اسرائیلی فوج سے رابطے کے ذریعے فائرنگ بند کرنے کی درخواست کی۔ خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور اہل کار 30 منٹ بعد محفوظ طور پر واپس لوٹ گئے، جب کہ ٹینک واپس اسرائیلی کیمپ میں چلا گیا۔ یونیفل نے اس واقعے کو سلامتی کونسل کی قرارداد نمبر 1701 کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا، جو 2006 کی اسرائیل - حزب اللہ جنگ کے بعد نافذ ہوئی تھی اور 27 نومبر 2024 کو طے شدہ جنگ بندی کی بنیاد بنی۔

لبنان کی فوج نے بیان میں کہا کہ اسرائیل بار بار لبنانی سرزمین کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔ اس سے علاقے میں عدم استحکام پیدا ہوتا ہے اور جنوبی علاقوں میں لبنانی فوج کی تعیناتی متاثر ہوتی ہے۔ فوج نے کہا کہ وہ دوست ممالک کے ساتھ مل کر اسرائیل کی مستقل خلاف ورزیوں کو روکنے کی کوشش کر رہی ہے کیونکہ یہ فوری اقدامات کا تقاضا کرتی ہیں۔

اسرائیلی فوج نے رد عمل میں کہا کہ جنوبی لبنان کے علاقے الحمامص میں دو مشتبہ افراد دیکھے گئے، جنھیں ہٹانے کے لیے انتباہی فائرنگ کی گئی۔ بعد میں معلوم ہوا کہ یہ دونوں یونیفل کے اہل کار تھے جو خراب موسم کی وجہ سے مشتبہ سمجھے گئے۔ اسرائیلی فوج نے کہا کہ یہ فائرنگ جان بوجھ کر نہیں کی گئی اور معاملہ فوجی رابطے کے سرکاری ذرائع سے حل کیا جا رہا ہے۔

یونیفل نے جمعہ کو یہ بھی بتایا تھا کہ اسرائیل نے جنوبی لبنان میں بلیو لائن کے قریب ایک کنکریٹ کی دیوار تعمیر کی، جس پر لبنان نے اقوام متحدہ میں شکایت کرنے کا اعلان کیا۔ گزشتہ مہینوں میں یونیفل نے بار بار اسرائیلی حملوں کی نشان دہی کی، جن میں ستمبر میں چار بم یونیفل اہل کاروں کے قریب گرائے گئے اور اکتوبر میں ایک اہل کار زخمی ہوا۔

یونیفل لبنان کی فوج کے ساتھ مل کر 27 نومبر 2024 کے جنگ بندی معاہدے کو مستحکم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ تاہم اسرائیل نے اب بھی پانچ اہم پہاڑی علاقوں میں اپنی فورسز رکھی ہوئی ہیں اور وہ حزب اللہ کی فوجی صلاحیت کو کمزور کرنے کے لیے مسلسل حملے کر رہا ہے۔ لبنان اسرائیل پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتا رہا ہے جبکہ صدر جوزف عون نے مذاکرات کے ذریعے فضائی حملوں کو روکنے کی پیشکش کی، مگر اس کا کوئی جواب نہیں ملا۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں