سعودی عرب : شاہ عبدالعزیز اونٹ میلے میں فاتح کے لیے "نجی جزیرہ" بطور انعام مختص
جزیرے کا نام "سنام" رکھا گیا ہے اور اس کا مقصد روایتی ورثے کو جدید ذرائع سے جوڑنا ہے
سعودی عرب نے اونٹوں سے جڑے قومی ورثے کے تحفظ اور اس کی پائے داری کو یقینی بنانے کے لیے ایک منفرد اقدام کے تحت ایک نجی جزیرہ مختص کیا ہے، جو 'راعی النظر' پلیٹ فارم کے مقابلے کے فاتح کو انعام کے طور پر دیا جائے گا۔ اس جزیرے کو "سنام" کا نام دیا گیا ہے، جس کا مقصد اونٹوں سے وابستہ ثقافتی ورثے کو جدید اور تخلیقی انداز میں پیش کرنا ہے، تاکہ اس کی اصل شناخت برقرار رہے اور اسے نئی نسل سے جوڑا جا سکے۔
سعودی کیمل کلب کے چیئرمین فہد بن حثلین کے مطابق یہ اعلان کلب کی اس حکمت عملی کی عکاسی کرتا ہے جس کے تحت ثقافتی ورثے کو جدید ذرائع سے جوڑ کر سماجی شرکت کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ اس کا مقصد یہ ہے کہ اونٹوں میں دل چسپی محض دیکھنے تک محدود نہ رہے بلکہ مؤثر شمولیت میں بدلی جا سکے۔
اس مقابلے میں 50 امیدوار ٹیم لیڈرز کی حیثیت سے حصہ لیں گے، جبکہ ہر ٹیم کھلاڑیوں پر مشتمل ہو گی۔ مقابلے کے مجموعی انعامات کی مالیت 50 لاکھ ریال ہے۔ یہ مقابلہ کیمل کلب کے ڈیجیٹل اور انٹرایکٹو پلیٹ فارم 'راعی النظر' کے ذریعے منعقد کیا جا رہا ہے۔ اس کا مقصد اونٹوں اور ان کے مالکان کی ڈیجیٹل سطح پر دستاویز بندی اور شناخت کو فروغ دینا ہے۔
راعی النظر پلیٹ فارم کے تحت اس سے قبل بھی مختلف مقابلے منعقد کیے جا چکے ہیں۔ سال 2023 میں "جوهرة الصحراء" کے نام سے مشہور انفرادی اونٹوں پر توجہ دی گئی، جبکہ 2024 میں "منقية الجزيرة" کے عنوان سے منتخب ریوڑوں کا مقابلہ ہوا، جس میں عوامی ووٹنگ شامل تھی۔
جزيرة خاصة والسلام على راعي الحفل وتحقيق الشداد.. رئيس مجلس إدارة نادي الإبل فهد بن حثلين يعلن عن جائزة العراب الفائز بمسابقة #سنام 2025@F_BinHithleen #مهرجان_الملك_عبدالعزيز_للإبل10 pic.twitter.com/vdOdY3ycgy
— العربية السعودية (@AlArabiya_KSA) December 22, 2025
شاہ عبدالعزیز اونٹ میلہ اور راعی النظر پلیٹ فارم ... کیمل کلب کے اس عزم کی نمائندگی کرتے ہیں کہ ثقافتی ورثے کو محض ایک تہوار تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ اسے ایک زندہ تعلیمی اور فکری تجربے میں تبدیل کیا جائے۔ مقابلہ "سنام" کے ذریعے عوام کو سیکھنے، شرکت اور تفریح کے امتزاج کے ساتھ اونٹوں کے ورثے سے جوڑا جا رہا ہے۔
انعام اس مالک کو دیا جائے گا جو مقابلے میں سب سے زیادہ پوائنٹس حاصل کرے گا۔ فاتح کو اعزازی طور پر راعی الحفل سے سلام، شداد ایوارڈ اور نجی جزیرہ دیا جائے گا۔ یہ اقدام سعودی عرب کو خطے میں ثقافتی ورثے کے ایک نمایاں اور رہنما مرکز کے طور پر مزید مضبوط کرتا ہے۔