لبنان: اسرائیلی فضائی حملے میں گاڑی نشانہ، تین افراد جاں بحق
حزب اللہ کے متعدد ارکان کو نشانہ بنایا ہے: اسرائیلی فوج کا دعویٰ
لبنان میں سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق جنوبی لبنان میں ایک گاڑی پر اسرائیلی فضائی حملے میں تین افراد جاں بحق ہو گئے۔ اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے حزب اللہ کے ارکان پر حملہ کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق اسرائیلی ڈرون نے صیدا کے علاقے میں ایک سڑک پر چلتی گاڑی کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں اس میں سوار تینوں افراد جاں بحق ہوگئے۔ اس سے قبل اسرائیلی فوج نے کہا تھا کہ اس نے جنوبی لبنان کے علاقے صیدا میں حزب اللہ سے وابستہ متعدد عناصر کو نشانہ بنایا ہے۔ اتوار کو بھی جنوبی لبنان میں دو اسرائیلی حملوں میں ایک شخص جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوا تھا۔ لبنانی وزارتِ صحت نے یاطر نامی قصبے میں ایک گاڑی اور موٹر سائیکل پر حملوں کی تصدیق کی ہے۔
نومبر 2024 میں ہونے والے جنگ بندی معاہدے کے بعد سے اب تک اسرائیل نے اس جنگ بندی کی خلاف ورزیاں جاری رکھی ہوئی ہیں اور اب تک لبنان میں حملے کرکے 340 افراد کو مار چکا ہے۔ معاہدے کے تحت حزب اللہ کو دریائے لیطانی کے شمال میں پیچھے ہٹنا تھا اور اسرائیل کو مقبوضہ مقامات سے نکلنا تھا تاہم اسرائیل نے اب بھی لبنان کے اندر پانچ سٹریٹجک مقامات پر قبضہ برقرار رکھا ہوا ہے اور حزب اللہ کی عسکری صلاحیتوں کی بحالی روکنے کے نام پر آئے روز لبنان میں حملے کرتا رہتا ہے۔