حج سیزن 1447ھ کی تیاریوں میں تیزی، سعودی وزارت حج کا قبل از وقت جامع پلان تیار
سعودی عرب کی وزارتِ حج و عمرہ نے حج 1447ھ کے لیے قبل از وقت تیاریوں کے ایک جامع پیکج کا اعلان کیا ہے۔ یہ اقدامات موسمِ حج کی باضابطہ اور بھرپور تیاریوں کے آغاز سے تقریباً پانچ ماہ قبل کیے جا رہے ہیں، جن کا مقصد آپریشنل تیاریوں کی سطح بلند کرنا اور ضیوفِ رحمان کو ان کے باربرکت سفر کے تمام مراحل میں بہتر اور معیاری خدمات فراہم کرنا ہے۔
وزارت حج وعمرہ نے سماجی رابطوں کے پلیٹ فارم ایکس پر اپنے سرکاری اکاؤنٹ کے ذریعے بتایا کہ اب تک براہِ راست حج پروگرام کے تحت 90 ہزار سے زائد حجاج کی رجسٹریشن ہوچکی ہے، جو آئندہ حج سیزن میں ابتدائی دلچسپی اور انتظامی و خدماتی نظام پر حجاج کے اعتماد کی عکاسی کرتی ہے۔
سماجی شراکت اور رضاکارانہ خدمات
وزارتِ حج و عمرہ نے واضح کیا کہ سماجی ذمے داری کے پروگراموں اور رضاکارانہ اقدامات کے لیے درخواستوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے، تاکہ معاشرے کی شرکت کو فروغ دیا جا سکے اور حج کے دوران میدانی اور خدماتی سرگرمیوں میں مؤثر تعاون حاصل ہو۔
بنیادی سہولیات کے حوالے سے وزارت نے بتایا کہ رہائش اور خوراک سے متعلق معاہدوں کی تیاری میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے، جس سے منظور شدہ معیارات کی پابندی یقینی بنائی جا رہی ہے اور اس کا براہِ راست فائدہ حاجیوں کے آرام اور مجموعی تجربے کو ہوگا۔
#باقي_على_الحج 5 أشهر | وتيرة عمل تتسارع وتتقدم في مختلف المسارات لموسم حج 1447هـ. pic.twitter.com/fnFXZhfCz0
— وزارة الحج والعمرة (@HajMinistry) December 24, 2025
ابتدائی آپریشنل نظم
وزارت حج وعمرہ نے اعلان کیا کہ حج 1447ھ کے لیے رضاکاروں کی رجسٹریشن کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے، جبکہ شراکت داری کے ایک منظم نصاب کا آغاز بھی کیا گیا ہے، جس کا مقصد حج کے آپریشنل امور کو منظم کرنا، ذمہ داریاں واضح کرنا اور متعلقہ اداروں کے درمیان کارکردگی کو بہتر بنانا ہے۔
وزارت حج کے مطابق مقدس مقامات میں خدمات کے لیے معاہدوں کی شرح 77 فیصد سے تجاوز کرچکی ہے، جو ابتدائی تیاریوں میں نمایاں پیش رفت کا ثبوت ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ بیرونِ ملک سے آنے والے حجاج کے لیے خدمات فراہم کرنے والوں کے نئے اور اپ ڈیٹ شدہ نظام کو بھی نافذ کر دیا گیا ہے، تاکہ طریقۂ کار یکساں اور خدمات کا معیار بلند کیا جا سکے۔
ڈیجیٹل تبدیلی اور صارف کا تجربہ
وزارت حج نے اس بات پر زور دیا کہ حج 1446ھ کے بعد بھی ڈیجیٹل خدمات اور صارفین کے تجربے کو مسلسل بہتر بنایا جا رہا ہے، تاکہ طریقۂ کار آسان ہوں اور حاجی کے سفر کو مزید سہل بنایا جا سکے۔ اسی سلسلے میں نسک مسار پلیٹ فارم کے ذریعے 503 مہمان نوازی کے مقامات کو فعال کیا گیا ہے، جن کے ذریعے زیارات اور متعلقہ خدمات کو منظم کیا جا رہا ہے۔
مہمان نوازی مراکز کے عملے کے لیے خصوصی تربیتی پروگرام کے نفاذ کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے، جس کا مقصد کارکنان کی صلاحیتوں میں اضافہ اور خدمات کے معیار کو مزید بہتر بنانا ہے۔
وزارتِ حج و عمرہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ جامع ترقیاتی منصوبوں کے تحت کام جاری رکھے گی، جو دانشمند قیادت کے وژن سے ہم آہنگ ہوں اور حجاجِ کرام کو ایک آسان، محفوظ اور باوقار حج تجربہ فراہم کریں، جو ضیوفِ رحمان کی خدمت میں سعودی عرب کے مقام کے شایانِ شان ہو۔