ایک قطرہ جو سونے سے قیمتی ہے… دنیا کے مہنگے ترین مائع مادّے اور ان کے حیران کن دام

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 5 منٹ

ہم روزمرہ زندگی میں جن مائع چیزوں کو معمولی سمجھ کر نظرانداز کر دیتے ہیں، درحقیقت ان میں سے بعض کی قیمت سونے سے بھی کہیں زیادہ اور انسانی جان سے جڑی قدر سے بھی کئی گنا بڑھ کر ہوتی ہے۔

اگرچہ یہ بات حیران کن لگتی ہے، مگر ان مائع چیزوں کی قدر کا تعلق ان کی شکل یا روزمرہ استعمال سے کم اور ان کی نایابی، تیاری کی پیچیدگی اور انسانی جان بچانے یا سائنسی ترقی میں ان کے کردار سے زیادہ ہوتا ہے۔

ویب سائٹ Slviki کی تیار کردہ فہرست میں دنیا کے مہنگے ترین سیالات شامل ہیں، جن میں زندگی بچانے والی طبی اشیا سے لے کر عام استعمال کی مصنوعات تک شامل ہیں۔

حیرت انگیز بات یہ ہے کہ ان کی اصل قیمت اس میں پوشیدہ ہے جو یہ سیالات ممکن بناتے ہیں، نہ کہ صرف وہ خود کیا ہیں۔


5اعشاریہ5 ملی لیٹر کی خوراک قیمت 21 لاکھ ڈالر

زولجینسما (Zolgensma)کی ایک خوراک کی قیمت ایک لگژری اسپورٹس کار سے بھی زیادہ ہے، مگر ریڑھ کی ہڈی کے پٹھوں کے ضیاع (SMA) میں مبتلا بچوں کے خاندانوں کے لیے یہ ننھی سی شیشی امید کی علامت ہے۔

یہ جین تھراپی 2019 میں امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن سے منظور ہوئی اور اسے صرف ایک بار دیا جاتا ہے۔ یہ علاج بیماری کی جڑ یعنی SMN1 جین کی خرابی کو درست کرتا ہے، جو بچوں کی حرکت، نگلنے اور سانس لینے کی صلاحیت متاثر کرتی ہے۔

یہ دوا صحت مند جین براہِ راست مریض کے خلیوں تک پہنچا کر بیماری کو ابتدائی مرحلے میں ہی روک دیتی ہے۔ برسوں کی تحقیق اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری اور تجربات میں ناکامی کی بلند شرح نے اسے دنیا کی مہنگی ترین ادویات میں شامل کر دیا ہے۔

بچھو کا زہر… ایک قطرہ، ایک دولت

بچھو کا زہر برسوں تک دنیا کے مہنگی ترین مائع چیزوں میں سرفہرست رہا، جس کی قیمت تقریباً 3 کروڑ 90 لاکھ ڈالر فی گیلن تک پہنچ جاتی ہے۔یہ نایاب زہر دماغی رسولیوں اور خودکار مدافعتی بیماریوں کی تحقیق میں استعمال ہوتا ہے۔ اسے قطرہ قطرہ نکالنا پڑتا ہے، جو نہایت مشکل اور وقت طلب عمل ہے، اسی لیے اس کی قیمت آسمان سے باتیں کرتی ہے۔

شاہی کوبرا کا زہر… دائمی درد کے مریضوں کے لیے امید

تھائی لینڈ کی شاہی کوبرا کا زہر تقریباً 1 لاکھ 53 ہزار ڈالر فی گیلن میں فروخت ہوتا ہے۔اس زہر میں موجود ایک خاص پروٹین مستقبل میں دائمی درد کے علاج کے لیے مؤثر دوا کی بنیاد بن سکتا ہے، تاہم محدود پیداوار کے باعث اس کی قیمت بہت زیادہ ہے۔

نیلا سیال جو لاکھوں جانیں بچاتا ہے

گھوڑے کی نعل نما کیکڑے (Horseshoe Crab) کا نیلا خون ویکسین اور انجیکشنز میں بیکٹیریا کی آلودگی جانچنے کے لیے استعمال ہوتا ہے۔اس کی قیمت تقریباً 60 ہزار ڈالر فی گیلن ہے۔ محدود ذرائع اور عالمی سطح پر طلب نے اسے دواسازی کی صنعت کے لیے ناگزیر بنا دیا ہے۔

انسولین… زندگی بچانے والی دوا، بھاری قیمت

انسولین ذیابیطس کے مریضوں کے لیے زندگی کی علامت ہے، مگر اس کی قیمت بھی کم نہیں۔ اس کی اوسط قیمت 13 ہزار ڈالر فی گیلن ہے، جبکہ بعض اندازوں کے مطابق یہ 1 لاکھ ڈالر فی گیلن تک پہنچ سکتی ہے۔تیاری کی پیچیدگی اور قیمتوں کی پالیسی نے اسے عالمی سطح پر غریب ملکوں میں بحث کا موضوع بنا دیا ہے۔

دنیا کا مہنگا ترین عطر

طبی دنیا سے ہٹ کر لگژری عطور بھی اس فہرست میں شامل ہیں۔ شانل نمبر 5 دنیا کے مہنگے ترین عطروں میں شامل ہے، جس کی قیمت 26 ہزار ڈالر فی گیلن تک جا سکتی ہے۔اس قیمت میں نایاب اجزا کے ساتھ ساتھ برانڈ کی تاریخ، پیچیدہ ترکیب اور فخریہ تشخص بھی شامل ہے۔

سیاہی جو خون سے بھی مہنگی

پرنٹر کی سیاہی بظاہر ایک عام دفتری ضرورت لگتی ہے، مگر حقیقت میں اس کا شمار دنیا کے مہنگے ترین مائع مادّوں میں ہوتا ہے۔ حیران کن طور پر اس کی قیمت تقریباً 12 ہزار ڈالر فی گیلن تک پہنچ جاتی ہے۔ روزمرہ استعمال کے باوجود اس کی غیر معمولی قیمتیں برسوں سے صارفین کے لیے سوالیہ نشان بنی ہوئی ہیں اور عالمی سطح پر اس پر تنقید بھی کی جاتی رہی ہے۔

انسانی خون فروخت کی شے نہیں

انسانی خون کی قیمت تقریباً 1500 ڈالر فی گیلن سمجھی جاتی ہے، تاہم یہ رقم خون کی فروخت کی نہیں بلکہ اس کی جانچ، صفائی، محفوظ ذخیرہ سازی اور ترسیل جیسے طبی اخراجات کی نمائندگی کرتی ہے۔ اگرچہ خون مکمل طور پر رضاکارانہ عطیات کے ذریعے حاصل کیا جاتا ہے، لیکن اس کے گرد قائم پیچیدہ طبی اور انتظامی نظام اس کی مجموعی لاگت میں نمایاں اضافہ کر دیتا ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں