مصر میں 150 ہسپتال اور 30 ہزار طبی عملہ غزہ کے زخمیوں کے استقبال کے لیے تیار

روزانہ ایک ہزار انتقالِ خون کے عمل کے لیے تزویراتی ذخیرے کی فراہمی یقینی بنا لی گئی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 3 منٹ

آج پیر کے روز رفح راہ داری کے باقاعدہ آغاز کے ساتھ ہی مصر کی جانب سے بڑے پیمانے پر اقدامات شروع کر دیے گئے ہیں۔ اس سلسلے میں نائب وزیر اعظم اور وزیر صحت و آبادی ڈاکٹر خالد عبدالغفار نے غزہ کی پٹی سے آنے والے مریضوں اور زخمیوں کے استقبال کے لیے قائم رابطہ کمیٹی کے ایک وسیع تر اجلاس کی صدارت کی۔

وزارتِ صحت کے ترجمان ڈاکٹر حسام عبدالغفار نے اس منصوبے کے تحت غیر معمولی وسائل کو متحرک کرنے کا انکشاف کیا، جس کی تفصیلات درج ذیل ہیں :

پورے مصر میں تقریباً 150 ہسپتالوں کو اس عمل میں شامل کیا گیا ہے، جہاں انتہائی ضرورت کے شعبوں کے تقریباً 12 ہزار ڈاکٹرز اور 18 ہزار سے زائد نرسنگ اسٹاف مکمل طور پر تیار ہے۔ ہنگامی حالات کے مرکزی محکمے سے وابستہ 30 'ریپڈ ڈپلائمنٹ' ٹیمیں میدان میں فوری کارروائی کے لیے تیار کر لی گئی ہیں۔ تقریباً 250 سے 300 جدید ترین طبی سہولیات سے لیس ایمبولینس گاڑیاں تیار کی گئی ہیں، جبکہ روزانہ ایک ہزار انتقالِ خون (Blood Transfusion) کے آپریشنز کے لیے اسٹریٹجک اسٹاک محفوظ کر لیا گیا ہے۔

ترجمان نے اس بات کی تصدیق کی کہ یہ منصوبہ بین الاقوامی معیار اور عالمی ادارہ صحت کی ہدایات کے عین مطابق ہے، بلکہ بعض اشاریوں میں تو یہ عالمی سطح کے کم از کم معیار سے بھی بہتر ہے۔ نیشنل بلڈ بینک کے ساتھ مکمل کوآرڈینیشن کے ذریعے ادویات اور طبی سامان کا وافر ذخیرہ یقینی بنایا گیا ہے۔

مصر کے ہلالِ احمر نے رفح راہ داری کے اندر اپنی تیاریوں کو انتہائی سطح پر پہنچا دیا ہے، جہاں زخمیوں کے استقبال اور صحت یاب ہونے والوں کی رخصتی کے لیے ٹیمیں تعینات کر دی گئی ہیں۔

انسانی خدمات کے پیکج میں درج ذیل سہولیات شامل ہیں :

بچوں کے لیے محفوظ مقامات اور نفسیاتی مدد کی خدمات۔

بزرگوں کے لیے وہیل چیئرز اور گرم کھانوں کے لیے موبائل کچن۔

سردیوں کے کپڑے، ذاتی نگہداشت کا سامان اور صحت یاب ہو کر جانے والوں کے لیے خصوصی "واپسی بیگ" کی تیاری۔

ایک اسرائیلی سکیورٹی اہل کار نے پیر کے روز اعلان کیا کہ غزہ اور مصر کے درمیان رفح راہ داری دونوں طرف سے رہائشیوں کے لیے کھول دی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یورپی یونین کے سرحدی امدادی مشن کی آمد کے بعد اب آمد و رفت کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔

مصری سرکاری میڈیا کے مطابق باقاعدہ آغاز کے موقع پر دونوں جانب سے فی الحال 50، 50 افراد کو گزرنے کی اجازت دی جائے گی۔ "قاہرہ نیوز" کے مطابق دو سال سے زائد عرصے کی جنگ کے بعد، پہلے دن مصر سے غزہ جانے والے 50 افراد ہوں گے اور اتنی ہی تعداد غزہ کی پٹی سے مصر آنے والوں کی ہوگی۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں