اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب امیر سعید ایروانی نے اعلان کیا ہے کہ 8 مارچ کی صبح بیروت پر ہونے والے ایک اسرائیلی حملے میں چار ایرانی سفارت کار جاں بحق ہو گئے ہیں۔
امیر سعید ایروانی نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیریس کے نام ایک مراسلے میں کہا کہ اتوار 8 مارچ 2026ء کی صبح اسرائیلی رجیم نے بیروت کے رامادا ہوٹل پر دانستہ طور پر دہشت گردانہ حملہ کیا جس کے نتیجے میں 4 ایرانی سفارت کار جاں بحق ہوئے۔
اتوار کی صبح وسطی بیروت میں واقع رامادا ہوٹل کے ایک اپارٹمنٹ پر ہونے والے اسرائیلی حملے میں کم از کم چار افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ اسرائیل نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے لبنانی دارالحکومت میں سرگرم ایرانی رہنماؤں کو نشانہ بنایا ہے۔
گذشتہ ہفتے اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان دوبارہ شروع ہونے والی جنگ کے بعد یہ پہلا حملہ ہے جس میں اسرائیل نے بیروت کے قلب کو نشانہ بنایا ہے۔
لبنانی وزارت صحت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بیروت کے علاقے روشہ کو نشانہ بنانے والے اس حملے کے نتیجے میں مزید دس افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
اسرائیل نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ایرانی پاسداران انقلاب کی ایلیٹ فورس 'قدس فورس' کے مرکزی رہنماؤں کو نشانہ بنایا ہے تاہم ان کے نام ظاہر نہیں کیے گئے۔
اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ قدس فورس کے لبنان ونگ کے قائدین ایرانی سرزمین پر پاسداران انقلاب کی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ لبنانی علاقے سے اسرائیل اور اس کے شہریوں کے خلاف دہشت گردانہ منصوبوں کو آگے بڑھانے پر کام کر رہے تھے۔